ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستان کا بھارت کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف

اتوار 23 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کرکٹ کونسل (اے سی سی ) ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اے نے بھارت کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف دیا ہے۔

مڈل آرڈر بلے باز طیب طاہر کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

پاکستان ایک وقت صرف 187 رنز پر 5 وکٹوں کے نقصان پر غیر یقینی کی صورتحال سے دو چار ہو گیا تھا لیکن طیب طاہر نے بھارتی بولرز کی ایک نا چلنے دی اور 12 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے صرف 71 گیندوں پر 108 رنز بنا ڈالے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 152.11 رہا ۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 62 گیندوں پر 65 اور صائم ایوب نے 51 گیندوں پر 59 رنز بنائے، انہوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز بنائے تاہم بھارت بولرز نے درمیانی اوورز میں پاکستان کی تیزی سے وکٹیں گرانا شروع کر دیں۔

پاکستانی بلے باز طیب طاہر نے مبشر خان جنہوں نے 35 رنز بنائے کے ساتھ مل کر 98 گیندوں پر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز کا اضافہ کیا۔

بھارت کی جانب سے راج وردھن ہنگرگیکر اور ریان پراگ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل انڈیا اے نے پاکستان اے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیم ہی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تاہم پاکستان نے ایک تبدیلی کی ہے جس میں عماد بٹ کی جگہ مہران ممتاز کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو ایمرجنگ ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اے نے بنگلہ دیش اے کو 51 رنز سے شکست دی تھی۔

بھارتی ٹیم میں بی سائی سدھارسن، ابھیشیک شرما، نکین جوس، یش دھول (کپتان)، ریان پراگ، نشانت سندھو، دھرو جوریل (وکٹ کیپر)، مانو ستھر، یوراج سنگھ ڈوڈیا، ہرشت رانا اور راج وردھن ہنگرگیکر شامل ہیں

جب کہ پاکستان اےکی ٹیم میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، عمیر یوسف، طیب طاہر، قاسم اکرم، محمد حارث (کپتان)، مبشر خان، مہران ممتاز، محمد وسیم، ارشد اقبال، سفیان مقیم شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp