فیس بک کے ذریعے بڑھنے والی دوستی جب محبت میں بدلی تو بھارتی خاتون انجو پاکستان کے علاقے دیر میں اپنی محبت کو پانے کے لیے پہنچ گئی جہاں اس کی سیکیورٹی کو سخت کردیا گیا ہے۔
انجو نامی بھارتی خاتون اس وقت اپنے پاکستانی دوست اور میزبان نصیر اللہ کے گھر موجود ہیں جہاں پولیس اہلکار تعنیات کردیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق وزٹ ویزا پر پاکستان آنے والی خاتون کی حفاظت پولیس کی ذمہ داری ہے اور اسی لیے حفاظتی انتظامات کو بڑھایا گیا ہے۔ ’یہاں قیام کے دوران خاتون کہیں بھی جاتی ہیں تو پولیس کی سیکیورٹی ان کے ساتھ ہی ہوتی ہے‘۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر اپر دیر مشتاق خان نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کو تصدیق اور پوچھ گچھ کے لیے تھانے بلایا گیا تھا اور ان کے تمام دستاویزات چیک کیے گئے جس بعد ان کو پاکستانی میزبان اور دوست کے ساتھ جانے کی اجازت دی گئی۔ ’ہم نے نصیر اللہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ خاتون کی سیکیورٹی کا خاص خیال رکھا جائے‘۔
ڈی پی او نے کہا کہ نصیر اللہ اور بھارتی خاتون نے بتایا ہے کہ ان کا شادی یا منگنی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ تاہم ایک اور پولیس ذریعے نے وی نیوز کو بتایا کہ بھارتی خاتون نصیر اللہ کے گھر پر رہائش پذیر ہیں جن کے لیے پہلے سے ہی بندوبست کیا گیا تھا اور ایسا لگ رہا ہے کہ وہ شادی کے لیے آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نصیر اللہ کے گھر پر شادی کا سماں ہے اور پڑوسی اور رشتے دُور دراز سے آ رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگوں کے آنے کے باعث وہاں ہجوم جمع ہے جس سے گھر والے اور پولیس بھی پریشان ہے اور سیکیورٹی خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔
بھارتی خاتون شادی شدہ اور 2 بچوں کی ماں ہیں
فیس بک دوستی اور محبت کے بعد اپر دیر پہنچنے والی 35 سالہ خاتون شادی شدہ نکلی۔ بی بی سی ہندی کے مطانق انجو کی 2007 میں اروند نامی شخص سے شادی ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے بھی ہیں جبکہ بڑی بیٹی کی عمر 15 سال ہے۔
خاتون گھر والوں سے چھپ کر پاکستان آئی ہیں
اپر دیر پہنچنے والی بھارتی خاتون شوہر کو بغیر بتائے آئی ہیں۔ بی بی سی ہندی کی رپورٹ کے مطابق ان کے شوہر اروند نے بتایا کہ ان کی بیوی جو ایک نجی کمپنی میں کام کرتی ہے 21 جولائی کو جے پور جانے کا کہہ کر گھر سے نکلی تھی۔
اروند نے مزید بتایا کہ ان کا اپنی اہلیہ سے واٹس ایپ پر رابطہ تھا لیکن خاتون نے یہ ظاہر نہیں کیا کہ وہ پاکستان چلی گئی ہیں۔ اروند نے مزید بتایا کہ بیٹے کی طبعیت خراب ہے جس کی اطلاع انہوں نے اپنی بیوی کو دی تو پتا چلا کہ وہ تو پاکستان گئی ہوئی ہیں تاہم انجو نے بتایا کہ وہ جلد واپس آجائیں گی۔
خاتون 21 اگست سے پہلے واپس چلی جائیں گی، پولیس
ڈی پی او دیر نے وی نیوز کو بتایا کہ جب تک انجو قانونی طور پر دیر میں ہوں گی ان کی سیکیورٹی کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ویزے کی معیاد کے مطابق قانونی طور پر وہ ایک ماہ تک پاکستان میں رہائش اختیار کرسکتی ہیں جس کے بعد انہیں واپس جانا ہوگا۔
مشتاق خان نے مزید بتایا کہ خاتون کو 21 اگست سے قبل پاکستان کی حدود چھوڑنی ہوگی اور جب وہ روانہ ہوں گی تو پولیس انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
پس منظر
بھارت سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ انجو نامی خاتون اپر دیر پہنچی تھیں۔ ان کی دیر سے نصیر اللہ نامی شخص کے ساتھ فیس بک پر دوستی ہوگئی تھی جو بعد میں محبت میں بدل گئی۔ انجو محبت کی خاطر واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوئیں اور نصیر اللہ کے گھر دیر پہنچ گئیں۔