پی ٹی آئی کے منحرفین پر مشتمل نئی جماعت استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اعللان کیا ہے کہ آئی پی پی اپنے سیاسی سفر کا باقائدہ آغاز 14 اگست سے کرے گی۔
اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوم آزادی کے دن آئی پی پی کے ملک بھر میں تمام دفاتر کو آپریشنل کردیا جائے گا اور 14 اگست کو تمام ضلعی ہیڈ کواٹرز میں یوم پاکستان کی تقاریب منعقد کی جائیں گی جب کہ قومی پرچم کے ساتھ پارٹی پرچم بھی لگائے جائیں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تنظیم سازی کے لیے بنائی گئی کمیٹیوں کو ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس سیاسی جماعت کا ڈومیسائل لاہور کا ہو وہی جماعت سیاسی افق پر چمکتی ہے اور گھٹن زدہ سیاسی ماحول ان کی پارٹی کا وجود تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کا 21 نکاتی منشور ملک کی معیشت اور ترقی اور خوشحالی کی راہ پر رواں دواں رہنے کے لیے بنایا گیا ہے یہ عوام کی بہتری اور ملکی ترقی کا ضامن ہے۔