اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کا اشتعال انگیز بیان مسترد کر دیا

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے آزادجموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے اشتعال انگیز ریمارکس کی سختی سے مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیز بیان بازی علاقائی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے، بھارت کے سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ فوجی افسران کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے بارے میں غیر ذمہ داران ریمارکس کوئی پہلا موقع نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس قسم کے بیانات کو روکنا چاہیے، پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی فوائد حاصل کرنے کے مقصد سے پاکستان کو بھارت کی عوامی گفتگو میں گھسیٹنے کا رواج ختم کرنا ہو گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ تاریخ سے لے کر قانون تک اور اخلاقیات سے لے کر زمینی صورتحال تک ہر چیز جموں و کشمیر کے بارے میں ہندوستان کے دعوؤں کی نفی کرتی ہے، جو ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تصفیہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا، بھارت کو مشورہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو بھارتی فوج لائن آف کنڑول (ایل او سی) عبور کر سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp