پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے اکاؤنٹس منجمد ہونے کے باعث پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تاہم قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف بی آر سے معاملات طے پاگئے ہیں اور اکاؤنٹس جلد بحال کر دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد ہونے کے سبب ایندھن کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور نادہندہ ہونے کے سبب ایف بی آر نے پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کردیے ہیں۔ پی آئی اے کے تقریباً 50 اکاؤنٹس ادائیگیاں نہ کرنے کی وجہ سے منجمد کیے گئے تھے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اکاؤنٹس منجمد ہونے کے سبب ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے سے اب تک 10 ڈومیسٹک پروازیں متاثر ہو چکی ہیں اور معاملہ فوری طور پر حل نہ ہوا تو بین الاقوامی پروازیں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق معاملے کو فوری طور پر حل کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے اور ایف بی آر کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور جلد ہی اکاؤنٹس بحال کر دیے جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر معاملے کو اٹھایا گیا اور اس حوالے سے وزارت ہوا بازی اور وزارت خزانہ کے درمیان بھی رابطہ ہوا ہے۔