فیس بک پر پاکستانی شہری سے دوستی اور محبت کے بعد شادی کے لیے رواں ماہ ایک بھارتی خاتون خیبر پختونخوا کے ضلع دیر کیا پہنچیں سوشل میڈیا پر دیگر ممالک سے بھی پاکستانی نوجوانوں کی محبت میں گرفتار لڑکیوں کی پاکستان پہنچنے کی خبریں بھی گردش کرنے لگی۔
ایسی ہی ایک پوسٹ میں ایک غیر ملکی خاتون کا محمد اسحاق خان سکنہ خونہ سالارزئی کی محبت میں گرفتار ہو کر ضلع باجوڑ آمد کا ذکر تھا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمد گلاب خان نامی صارف کو گرفتار کرلیا ہے۔
خیبر پختونخوا پولیس کے مطانق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر محمد گلاب خان نامی صارف نے غیر ملکی خاتون کی باجوڑ آمد کی جعلی خبر دی۔ جس پر پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع باجوڑ نے ایکشن لیتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنی والی جھوٹی اطلاع میں ایک غیر ملکی خاتون کا ضلع باجوڑ کے رہائشی محمد اسحاق خان کی محبت میں گرفتاری اور باجوڑ آمد کا ذکر تھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے مذکورہ جھوٹی پوسٹ کا سختی سے نوٹس لیتے سوشل میڈیا صارف محمد گلاب کو گرفتار کرکے انکے خلاف متعلقہ سیکشن کے تحت مقدمہ درج کر کے پابندِ حوالات کردیا ہے۔
تھانہ سالار زئی میں درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو ابتدائی معلومات کے بعد پتہ چلا کہ پوسٹ جھوٹی تھی۔ محمد گلاب نے اپنے دوست کے بارے میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ برطانوی دوشیزہ کی باجوڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد اسحاق کی محبت میں باجوڑ پہنچ گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطانق پوسٹ وائرل ہونے کے بعد پولیس غیر ملکی دوشیزہ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے محمد اسحاق کے گھر پہنچی تو پتا چلا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا ہے۔ خبر غلط ہونے پر پولیس نے پوسٹ کرنے والے نوجوان محمد گلاب کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔
مقدمہ میں ملزم محمد گلاب کیخلاف پی پی سی کی دفعہ 502(2) سمیت پیکا ایکٹ کی دفعہ 182- 13 بھی شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا میں گزشتہ چند دنوں سے کئی غیر ملکی خواتین کی آمد اور شادیوں کی خبریں گردش کررہی ہیں۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبریں پھیلانا قانوناً جرم ہے۔ تمام سوشل میڈیا صارفین اس قسم کے حرکات سے گریز کریں اور ایک اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں ورنہ قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔