سعودی رضاکاروں نے غریب خاندان کا بوسیدہ فلیٹ قابل رہائش بنادیا

جمعرات 3 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب میں رضاکاروں کی ٹیم نے 5 افراد پر مشتمل انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے والے ایک خاندان کے گھرکی تزئین و آرائش کرکے اسے رہائش کے قابل بنادیا۔

مذکورہ خاندان میں ماں فالج کی وجہ سے چلنے پھرنے سے قاصر جب کہ باپ مختلف امراض میں مبتلا ہے۔

والدین اور ان کے 3 بچے فرش پر سوتے تھے اور سعودی عرب کی سین فاؤنڈیشن کی طرف سے مدد ملنے تک ان کے پاس سونے کے لیے بستر تک نہیں تھے۔

 ریاض کے ضلع العریجہ میں واقع اس گھر کی تزئین و آرائش سین فاؤنڈیشن کا سال 2019 میں اس کے قیام کے بعد سے بحالی کا 100 واں منصوبہ تھا۔ یہ فاؤنڈیشن ملک میں مشکلات کا شکارخاندانوں کی مدد کے لیے قائم کی گئی ہے۔

رضاکاروں نے ہفتہ کے روز پورا دن کام کیا۔ اس دوران انہوں نے دیواروں کو رنگ کیا، نیاباورچی خانہ تیار کیااور دیگر چیزوں کو ٹھیک کیا۔

 فلیٹ کی بحالی کے عمل کے دوران خاندان کو مکمل تزئین شدہ اپارٹمنٹ میں ٹھہرایا گیا۔

سین فاؤنڈیشن نے یہ کام ان رضاکاروں کی بدولت ممکن بنایا جنہوں نے اپنا فاضل وقت سماجی بہبود کے منصوبوں میں مدد کے لیے وقف کیا ہوا ہے۔

پروجیکٹ منیجر معاذ الواحد نے بتایاکہ فاؤنڈیشن کو رضاکارانہ کام کرنے کے خواہشمندوں کی طرف سے مدد کی 1500 سے زائد پیشکشیں موصول ہوئی تھیں۔ معاذ الواحد کے مطابق ہمیں صر ف 60 رضاکاروں کی ضرورت تھی اس لیے ہم نے سرسری انداز میں ناموں کا انتخاب کرلیااور اب ہم 100 کے ہدف تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے تعاون کرنے والے شراکت داروں اور رضاکاروں سے اظہار تشکر بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp