پنجاب اسمبلی کا انتخابی شیڈول جاری نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست میں چیف الیکشن کمشنر، سیکرٹری و ممبران الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں شہری منیر احمد کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے باوجود انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے آٸین کے تحت 90 روز میں الیکشن کروانا لازم ہیں۔ 60 روز باقی ہیں جبکہ الیکشن شیڈول جاری نہ ہونے سے آئینی بحران کا خدشہ ہے۔ گورنر اور الیکشن کمیشن آٸین کے تحت ذمے داری ادا نہیں کر رہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی حکم عدولی پر گورنر پنجاب، چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔