جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان

جمعہ 11 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے، ڈیانا بیگ، سیدہ عروب شاہ اور نتالیہ پرویز کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ شوال ذولفقار جنوبی افریقہ کے خلاف ڈیبیو کریں گیں، ندا ڈار کپتان ہوں گیں۔

جمعہ کے روز پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر سلیم جعفر نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جو آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز میں حصہ لے گا۔

جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے اور اس کےخلاف سیریز کے تمام میچز یکم سے 14 ستمبر تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

جنوبی افریقہ کے خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ2023-25 کا حصہ ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلے 1 سے 5 ستمبر تک ہوں گے جبکہ ون ڈے سیریز 8 سے14 ستمبر تک کھیلی جائے گی۔

اہم بات یہ ہے کہ 18 سالہ شوال ذوالفقار کو ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ آئندہ مہینے ہونے والی ایشین گیمز کے لیے پہلے ہی سلیکٹ ہو چکی ہیں۔

دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کی ٹیم میں 6 مہینوں بعد واپسی ہوئی ہے ۔ وہ انگلی کی تکلیف سے مکمل طور پر صحت یاب ہوچکی ہیں۔ ڈیانا بیگ کی انگلی اس سال آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں زخمی ہوئی تھی۔

لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ کی 3 سال بعد ٹی 20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، وہ آخری مرتبہ 2020کے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں، آل راؤنڈر نتالیہ پرویز کی 2018 کے بعد ٹی 20 اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے وہ ون ڈے اسکواڈ میں ریزرو کھلاڑی کے طور پر بھی شامل ہیں

وکٹ کیپر نجیہہ علوی بھی پندرہ رکنی ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ ہیں، ایمن امین، جویریہ خان۔ عائشہ نسیم ( انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر) سدرہ نواز اور طوبٰی حسن جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں اب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔عمیمہ سہیل کو ٹی 20 سیریز کے لیے ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں رکھا گیا ہے۔

ون ڈے اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر کی سلیکشن عائشہ نسیم اور کائنات امتیاز کی جگہ عمل میں آئی ہے جو اس سال آسٹریلیا کے دورے میں شامل تھیں۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر ندا ڈار کریں گی جنہوں نے بسمہ معروف کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ بسمہ معروف نے فروری میں ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد قیادت سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا انتخاب چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی اور کپتان ندا ڈار کے باہمی صلاح مشورے کے بعد عمل میں آیا ہے۔

چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ کافی غور و خوص کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ سیدہ عروب شاہ اور نتالیہ پرویز کو ٹی 20 فارمیٹ میں واپس لایا جائے کیوں کہ ان کی حالیہ پرفارمنس اور فٹنس میں بہتری اچھی رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوں گیں۔

انہوں نے کہا کہ ام ہانی کا ون ڈے اور ٹی 20 میں سلیکشن ان کی غیرمعمولی آف اسپن صلاحیتوں کی وجہ سے ہوا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ بولنگ اٹیک میں اہم کردار ادا کریں گی۔

سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولنگ کو مضبوط کرنے کے لیے ون ڈے اسکواڈ میں وحیدہ اختر کو شامل کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی تجربہ کار ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثنا موجود ہیں۔

پاکستان کا ٹی 20 اسکواڈ

پاکستان کے ٹی 20 اسکواڈ میں ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض ۔ بسمہ مععروف۔ ڈیانا بیگ۔ فاطمہ ثنا۔ منیبہ علی۔ نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) ۔نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ شوال ذوالفقار۔ سدرہ امین۔ سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی شامل ہیں، انوشے ناصر۔ عمیمہ سہیل اور وحیدہ اختر کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔

پاکستان کا ون ڈے اسکواڈ

پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ میں ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ ۔ فاطمہ ثنا۔ غلام فاطمہ ۔ منیبہ علی۔ نشرہ سندھو۔ عمیمہ سہیل۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین۔ سدرہ نواز۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر، نجیہہ علوی۔ نتالیہ پرویز اور طوبی حسن کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

چیف سیلیکٹر سلیم جعفر کے مطابق پاکستانی خواتین ٹیم کی ٹیم منیجمنٹ اور اس کے ٹریننگ کیمپ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا، پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی اس چیمپئن شپ میں تیسری ہوم سیریز ہوگی۔ اس سے قبل اس نے کراچی میں سری لنکا کو 2-1 سے اور لاہور میں آئرلینڈ کو 3-0 سے شکست دی تھی۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کب پاکستان پہنچے گی؟

جنوبی افریقہ کی ٹیم 27 اگست کو پاکستان پہنچے گی، وہ اس وقت آئی سی سی کی ویمنز چیمپئن شپ رینکنگ میں نمبر 9 پر ہے۔ جنوبی افریقہ نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز پچھلے سال جون تین صفر سے جیتی تھی۔

ٹی 20 سیریز کا شیڈول

 پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل یکم ستمبر، 2 ستمبر اور 5 ستمبر کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے سیریز کا شیڈول

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے میچز 8 ستمبر، 11 ستمبر اور 14 ستمبر کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp