چین نے پاکستان اور دیگر ممالک کے دوروں پر عائد پابندی اٹھا لی

جمعہ 11 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کی وزارت ثقافت و سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ بیجنگ نے پاکستان سمیت تقریباً 80 ممالک میں اپنے شہریوں پر بیرون ملک سفر پر عائد پاپندی اٹھا لی ہے۔ چین کے شہری سیاحت کے لیے اب پاکستان آ سکیں گے۔

چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چین کی بیرون ملک سیاحت کی صنعت گزشتہ ماہ کے دوران تیزی سے بحالی کی راہ پر گامزن ہوئی ہے۔

چین نے یہ اعلان اپنے پائلٹ پروگرام کے تحت کیا ہے جس کے تحت چینی شہریوں کی بیرون ملک دوروں کے لیے یہ تیسری کھیپ ہو گی۔

سیاحت سے متعلق مبصرین کا کہنا ہے کہ چینی سیاحوں کی دیگر ممالک میں واپسی سے عالمی سیاحت کی صنعت کو بہت فروغ ملے گا اور یہ عالمی معیشت کے لیے بھی حوصلہ افزا ہے۔

بیجنگ اسپورٹس یونیورسٹی میں تفریحی، کھیلوں اور سیاحت کے پروفیسر جیانگ ژی نے مشورہ دیا ہے کہ ’بیرون ملک سیاحت کے شعبے میں بہت گنجائش موجود ہے تاہم اس کے لیے بہت سی خدمات کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

سیاحت کے شعبے میں پاک چین تعاون بڑھانے کے لیے چین میں پاکستانی سفارت خانے نے ’ڈسکور بیٹی‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی لانچ کی تھی جس میں پاکستان میں سیاحت کے اہم مقامات کے بارے میں معلومات اور بڑے عجائب گھروں، مالز اور ہوٹلوں کی آفیشل ویب سائٹس کے لنکس شامل ہیں۔

گندھارا آرٹ نمائش کا انعقاد

چین اور پاکستان کے تعاون سے اس سے قبل بیجنگ کے پیلس میوزیم میں گندھارا آرٹ نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جس میں پاکستان سے آنے والے 173 نوادرات کی نمائش کی گئی تھی۔ یہ پاکستان کی طرف سے چینی باشندوں کے لیے ایک پیغام بھی تھا کہ پاکستان سیاحت سے بھرپور ایک ملک ہے، جس کی تاریخ، تاریخی ورثوں سے بھری پڑی ہے۔

چین کے گوانگ ڈونگ صوبہ  کے درالحکومتگوانگژو میں پاکستان کے قونصل جنرل سردار محمد نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سیاحوں کے لیے جغرافیائی جنت ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں برف سے ڈھکے ہوئے پہاڑ، جھیلیں، پائن کے درخت اور آبشاریں ہیں، جو خاص طور پر ان لوگوں کے لیے پرکشش اور دلکش ہیں جو سیاحت کے شوقین ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ دوست ممالک سے آنے والے سیاحوں کے لیے پاکستان میں ٹور گائیڈ ٹریننگ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر رانا آفتاب نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں سنگِ میل عبور کرنے کے لیے ٹاسک فورس برائے سیاحت پہلے ہی تشکیل دی جا چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ایک بہتر اور زیادہ محفوظ ماحول اور سفر میں آسانی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ ہم عالمی سطح پر رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ ٹور آپریٹرز کے ذریعے گروپ ٹورازم کو فروغ دے سکتے ہیں، جس سے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے خوشگوار ماحول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp