قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز، میچ آفیشلز کا اعلان ہو گیا

منگل 15 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ویمنز سیریز کے لیے امپائرز اور میچ ریفریز پر مشتمل میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا ہے، 6 محدود اوورز کے میچوں کی یہ سیریز 1 سے 14 ستمبر تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق محمد جاوید ملک اور علی نقوی اس سیریز میں میچ ریفریز ہوں گے جو اس وقت آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف میچ آفیشلز کے علاوہ پی سی بی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کا حصہ ہیں۔

عافیہ امین اور سلیمہ امتیاز کو ریزرو ایمپائر کے طور پر پینل میں شامل کیا گیا ہے، یہ دونوں پہلی بار کسی دو طرفہ انٹرنیشنل سیریز میں ریزرو امپائرز کے طور پر شامل کی گئیں جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ویمنز پینل آف امپائرز میں شامل ہیں۔

سلیمہ امتیاز نے حال ہی میں راولپنڈی میں منعقدہ نمائشی میچز میں ذمہ داری نبھائی ہے۔ عافیہ اور سلیمہ دونوں ہانگ کانگ میں منعقدہ اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ کا حصہ تھیں۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کی ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 1 سے 4 ستمبر تک کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

8 سے 14 ستمبر تک اسی اسٹیڈیم میں تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جو اس سے قبل 5 ستمبر کو ہونا تھا اب 4 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

فیصل آفریدی، راشد ریاض اور طارق رشید سیریز میں امپائر کے فرائض سر انجام دیں گے ۔ راشد ریاض اور فیصل آفریدی آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل کے لیے پی سی بی کے ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں جبکہ طارق رشید پی سی بی کے ایلیٹ امپائرز پینل میں شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میچز شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوں گے۔

کون کیا ذمہ داری سنبھالے گا؟

پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں فیصل آفریدی اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائرز اور  طارق رشید تھرڈ امپائر، عافیہ امین ریزرو امپائر اور  محمد جاوید ملک میچ ریفری کے فرائض سرانجام دیں گے۔

دوسرے ٹی 20 انٹر نیشنل میں راشد ریاض اور طارق رشید  آن فیلڈ امپائرز،  فیصل آفریدی تھرڈ امپائر،عافیہ امین ریزرو امپائر اور محمد جاوید ملک میچ ریفری ہوں گے۔

تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل میں فیصل آفریدی اور طارق رشید آن فیلڈ امپائرز، راشد ریاض  تھرڈ امپائر، عافیہ امین ریزرو امپائر اور محمد جاوید ملک میچ ریفری ہوں گے۔

پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں فیصل آفریدی اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائرز، طارق رشید  تھرڈ امپائر،  سلیمہ امتیاز  ریزرو امپائر اور علی نقوی میچ ریفری کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں راشد ریاض اور طارق رشید آن فیلڈ امپائرز، فیصل آفریدی تھرڈ امپائر،  سلیمہ امتیاز  ریزرو امپائر اور علی نقوی میچ ریفری ہوں گے۔

تیسرے ون ڈے انٹرنیشل میں فیصل آفریدی اور طارق رشید آن فیلڈ امپائرز،  راشد ریاض  تھرڈ امپائر، سلیمہ امتیاز ریزرو امپائر اور علی نقوی میچ ریفری کے فرائض سنبھالیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp