معروف بھارتی اداکار سنی دیول ان دنوں اپنی نئی ریلیز ہوئی فلم ’غدر2‘ کی کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ فلم کی ریلیز سے قبل وہ اس کی کامیابی اور اپنے مستقبل کی فکر لیے رات بھر پریشانی کے عالم میں کبھی روتے اور کبھی ہنستے رہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے 3 دنوں میں ہی ایک ارب 34 کروڑ روپے (قریباً 4 ارب 69 کروڑ پاکستانی روپے) کما لیے ہیں۔ جو سنی دیول کی کسی بھی فلم کا ایک بڑا مالیاتی ریکارڈ ہے۔
سنی دیول نے فلم کی ریلیز سے قبل کی کیفیت بتانے کے ساتھ ساتھ فلم غدر 1 کا مشہور گانا بھی کچھ تبدیلی کے ساتھ گنگنایا کہ ’میں نکلا گڈی لے کے، رستے میں سڑک پہ اک موڑ آیا، اُتھے میرے نال میرا رب آ گیا‘۔
غدر2 نے شائقین فلم خاص طور پر 90 کی دہائی کے بچوں میں ماضی کی یادیں تازہ کر دی ہیں جو ‘غدر1’ دیکھ کر جوان ہوئے ہیں۔ انیل شرما کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘غدر1’ 2001 میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔
مزید پڑھیں
سنی دیول نے 1947 میں تقسیم ہند کے پس منظر میں بننے والی اس فلم میں ایک ٹرک ڈرائیور ’تارا سنگھ‘ کا کردار ادا کیا تھا جبکہ امیشا نے مسلمان خاتون سکینہ کا کردار ادا کیا تھا۔ تقسیم ہند کے تناطر میں تارا سنگھ سکینہ کو جنونی بلوائیوں سے بچاتا ہے اور اس سے شادی کر لیتا ہے۔ پھر وہ سکینہ کو پاکستان چھوڑ جاتا ہے کیونکہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ رہنا چاہتی تھی۔
‘غدر 2’ میں تارا سنگھ اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے سرحد پار جاتے ہوئے نظر آتے ہیں، بیٹے کا کردار اتکارش شرما نے ادا کیا ہے، جسے پاکستان میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فلم میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنی دیول نے کہا کہ ‘غدر’ میرے لیے بہت ذاتی فلم ہے، میں تارا سنگھ سے جذباتی طور پر بہت جڑا ہوا ہوں۔
غدر کا سیکوئل بڑے پیمانے پر باکس آفس پر نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔ 13 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے پہلے اتوار کو ‘غدر 2’ نے ایک دن میں ہی 52 کروڑ روپے کی زبردست کمائی کی تھی۔