تارا سنگھ نے واپسی کی اطلاع دیدی۔ بائیس برس بعد بالی ووڈ کی 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کے سیکوئل کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اگست 2023 میں ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ برس ’غدر ٹو‘ کو اگست 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بعض وجوہات پر فلم کو گزشتہ برس ریلیز نہیں کیا جا سکا تھا، اب اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اگست میں پیش کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
’غدر 2‘ کے جاری کیے گئے ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ سیکوئل کی کہانی وہیں سے شروع کی گئی ہے، جہاں پہلی فلم کی کہانی ختم کی گئی تھی۔ ٹیزر میں 1971 کا زمانہ اور پاکستانی صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مناظر دکھائے گئے ہیں اور پس منظر میں خاتون کی آواز سنائی دیتی ہے کہ تارا سنگھ پاکستان کا داماد ہے۔
مختصر ٹیزر میں لاہور کے اندر بھارت مخالف مظاہروں کو بھی دکھایا گیا ہے جب کہ سنی دیول کے کردار یعنی تارا سنگھ کو مخالفوں سے لڑائی کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر سے معلوم ہوتا ہےکہ اس بار سنی دیول گدھا گاڑی کے پہیے سے مخالفوں کو مارتے دکھائی دیں گے جب کہ پرانی فلم میں انہوں نے ہینڈ پمپ (نلکے) سے مخالفوں کو مارا تھا۔
ٹیزر سے پتا ہے کہ فلم میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے علاوہ پاکستان مخالف مواد کو بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔غدر کو 2001 میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم کی کہانی تقسیم ہند کے پس منظر کی تھی۔ فلم میں سنی دیول ایک سکھ شخص ’تارا‘ جب کہ امیشا پٹیل مسلمان لڑکی ’سکینہ‘ کا کردار ادا کرتی ہیں، جو تقسیم ہند سے قبل محبت میں شادی کرلیتے ہیں، تاہم جلد ہی ملک کا بٹوارا ہوجاتا ہے۔
فلم میں دکھایا گیا تھا کہ تقسیم ہند اور پاکستان بننے کے بعد ’سکینہ‘ پاکستان آ جاتی ہیں اور ان کے سکھ شوہر انہیں لینے کے لیے بھارت سے لاہور آتے ہیں اور انہیں اہلیہ کے خاندان کی جانب سے بڑی مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔