نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا ہے کہ اگر ہم قانون اور آئین کے مطابق کام کریں گے تو کوئی رکاوٹ کیوں ڈالے گا۔ نگراں حکومت کا کام ہے کہ وہ انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے۔
’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوئی ہمارے کام میں رخنہ ڈالنے کی کوشش نہیں کرے گا، نا ہی اس کا کوئی فائدہ ہے، آئین اور قانون کے مطابق انشااللہ انتخابات ہوں گے، ہماری خواہش ہوگی کہ الیکشن کمیشن اپنا کام بخوبی انجام دے۔ اور صاف و شفاف انتخابات آئین کے مطابق وقت پر ہوں، کراچی شہر میں دہشتگردی کے امکانات کو کم کرنے کے لیے ہر حد تک کوشش کی جائے گی۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہاکہ میری خواہشات تو بہت ہیں لیکن ہمیں بنیادی چیزیں کرنا ہوں گی، لا اینڈ آرڈر کی صورت حال کی بہتری، انفراسٹرکچر میں بہتری، لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں بہت کچھ ہونا چاہیے، سوشل جسٹس قائم ہونا چاہیے، کسان مزدور، دہقان کو اس کے حقوق ملنے چاہییں، تعلیم مفت اور معیار بلند ہونا چاہیے، صحت کی سہولیات معیاری اور سب کو ملنی چاہییں۔ عوام کو انصاف ملنا چاہیے تاکہ ہر شخص خود کو محفوظ سمجھے۔
انہوں نے کہاکہ یہ تو خواہشات ہیں لیکن دیکھیں اب اس قلیل سی مدت میں ہم کیا کرسکتے ہیں۔ نگراں کابینہ کے لیے ضروری نہیں کہ عدلیہ سے ہی نام لیے جائیں۔