پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے گورنر ’کے پی‘ غلام علی کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

بدھ 16 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اتحادی اور بڑی سیاسی جماعتوں کے بعد حال ہی میں بننے والی پرویز خٹک کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹرینز نے جمعیت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے گورنر غلام علی پر تحفظات کا اظہار کرکے نگران کابینہ کے ساتھ نیا گورنر لانے کا مطالبہ کر دیا۔

’وی نیوز‘ سے خصوصی گفتگو میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری اطلاعات و ترجمان ضیااللہ بنگش نے موقف اپنایا کہ شفاف انتخابات کے لیے اہم آئینی عہدوں پر شخصیات کا غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہونا ضروری ہے۔ ایک سیاسی جماعت کا رہنما گورنر کے عہدے پر براجمان ہے جس کے باعث انتخابات کے شفاف انعقاد پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ضیا اللہ بنگش نے نگراں کابینہ سمیت نئی پارٹی کی انتخابات کے لیے تیاریوں اور موجودہ سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت کی۔

گورنر اور کابینہ کا سیاسی جماعتوں سے نہیں ہونا چاہیے

سابق مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیااللہ بنگش نے کہاکہ ان کی جماعت چاہتی ہے کہ انتخابات شفاف ہوں تاکہ الیکشن کے بعد الزامات نہ لگیں۔ نگراں کابینہ اور گورنر کا غیر جانبدار ہونا بہت اہم ہے۔ انہوں نے کابینہ کی نئی تشکیل کے عمل کو سراہا۔

یہ بہت اہم ہے کہ کابینہ سے سیاسی وابستگی والے وزرا کو ہٹایا گیا

انہوں نے کہاکہ موجودہ گورنر بھی ایک سیاسی جماعت سے وابستہ ہیں اور سیاسی بنیادوں پر ہی آئے ہیں۔ اتحادی جماعتوں نے بھی کھل کر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ایک سیاسی جماعت سے وابستہ گورنر کی موجودگی میں انتخابات کیسے شفاف ہو سکتے ہیں۔ اس آئینی عہدے پر نیوٹرل شخص کا ہونا ضروری ہے۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز 19 اگست سے الیکشن مہم کا آغاز کر رہی ہے

ضیااللہ بنگش نے کہاکہ ان کی جماعت کابینہ، پارٹی آئین اور منشور پر کام کر رہی ہے ، ساتھ ہی انتخابات کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ پارٹی سربراہ پرویز خٹک دن رات ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اور بااثر سیاسی شخصیات کو پارٹی میں شامل کرنے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہر پارٹی رہنما نے اپنے اپنے حلقے میں یونین کونسل کی سطح پر عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ 19 اگست کو نوشہرہ میں جلسہ کر کے الیکشن مہم کا باقاعدہ کا آغاز کر رہے ہیں اس کے بعد مرحلہ وار جلسے ہوں گے۔

‘ضیااللہ بنگش خود بھی نوشہرہ جلسے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اس سلسلے میں پارٹی سوشل میڈیا ٹیم سے میٹنگ بھی کی‘۔

پہلا جلسہ تاریخی ہو گا

ضیااللہ بنگش کا کہنا تھا کہ نوشہرہ جلسے کی کامیابی کے لیے کارکنان اور قائدین مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہم پرامید ہیں کہ جلسہ تاریخی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک خود تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں، اس جلسے میں پارٹی منشور کا اعلان کرنے کے ساتھ آئندہ کا روڈ میپ سامنے رکھا جائے گا۔

اگلے مرحلے میں مرکز اور پنچاب کی سطح پر کابینہ بنائیں گے

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ترجمان نے مزید کہاکہ بہت جلد پارٹی تنظیم سازی کا عمل مکمل ہو جائے گا جس سے انتخابی مہم میں تیزی آئے گی۔ خیبرپختونخوا میں کابینہ کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد مرکز اور پنچاب کی سطح پر پارٹی کی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ مرکز اور پنچاب سے اہم سیاسی شخصیات پرویز خٹک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جلد پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کریں گی۔ ’تاہم انہوں نے کسی کا بھی نام لینے سے گریز کیا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قافلے میں شامل ہونے والے زیادہ تر لوگوں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہو گا۔

تمام حلقوں سے امیدوار لائیں گے

ضیا اللہ بنگش نے کہاکہ ان کی جماعت امیدواروں کی فہرست بنا رہی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام حلقوں سے امیدوار لائے جائیں گے۔ ’اکثر حلقوں سے امیدوار ہماری پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں، اور کچھ جگہوں سے لوگ رابطے میں ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ٹکٹ پرویز خٹک خود تقسیم کریں گے، ایسے امیدوار کو ترجیح دی جائے گی جس کا ذاتی ووٹ بینک موجود ہو۔ پوری کوشش کی جائے گی کہ ہماری جماعت حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ جائے۔

عمران کو سزا آئین اور قانون کے مطابق، عدالتی فیصلہ درست ہے

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ضیااللہ بنگش نے عمران خان کو ہونے والی سزا پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عدالتیں ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرتی ہیں، عمران خان کو بھی جیل کی سزا آئین اور قانون کے مطابق ہوئی جو درست ہے۔ عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے، اس سے ادارے مضبوط ہوں گے۔

پرویز خٹک حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے

ضیااللہ بنگش نے دعویٰ کیاکہ پرویز خٹک مکمل تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ الیکشن میں جا رہے ہیں، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ دو سابق وزرائے اعلیٰ پارٹی کو لیڈ کر رہے ہیں جنہوں نے اپنے ادوار میں ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے کام کر کے دکھائے۔ ہم دعوے نہیں کریں گے بلکہ عملی کام کرکے دکھائیں گے۔ ماضی میں مکمل ہونے والے منصوبے پشاور بی آر ٹی، سوات موٹروے کی شکل میں سامنے ہیں، آئندہ موقع ملا تو ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp