وہاب ریاض عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے آبدیدہ ہوگئے

بدھ 16 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، نیوز کانفرنس کے دوران آبدیدہ بھی ہوگئے، اور کہاکہ آج جو کچھ بھی ہوں کرکٹ کی بدولت ہی ہوں، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کا یہ لمحہ میرے لیے بہت مشکل ہے، تاہم انہوں نے کہاکہ وہ اپنے کیریئر سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔

بدھ کے روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر و پنجاب کے نگراں مشیر کھیل وہاب ریاض نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا کہ کرکٹ میں شاندار سفر کے بعد وہ اب بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ رہے ہیں تاہم وہ فرنچائز کرکٹ جاری رکھیں گے۔

وہاب ریاض نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں لیکن میں ابھی بھی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، فرینچائز کرکٹ کھیلتا رہوں گا، جہاں موقع ملا کھیلوں گا۔

انہوں نے کہاکہ کرکٹ سے بہت کچھ سیکھا ہے چاہتا ہوں کہ نئے آنے والے بچوں کو سکھا سکوں، اگر کوچنگ کا موقع ملا تو ضرور کروں گا۔

وہاب ریاض کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ، تاہم انہوں نے فیملی اور پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔

وہاب ریاض نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس پر بھی لکھا کہ وہ پی سی بی، کوچز، مداحوں اور اپنی فیملی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان کے کریئر میں بھرپور پزیرائی کی، اور جنہوں نے انہیں سپورٹ کیا وہ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر کے مطابق انہوں نے فرنچائز کرکٹ پر توجہ دینے کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کو خیر آباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وہاب ریاض کا کریئر

15 سال پر محیط کریئر میں قومی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بین الاقوامی کرکٹ کے مختلف فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

وہاب ریاض نے بین الاقوامی کرکٹ میں 237وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، انہوں نے آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ میں 83، آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل میں 120 اور آئی سی سی ٹی 20 انٹرنیشنل میں 34 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔

وہاب ریاض نے اپنے کریئر میں اب تک 1,104 پروفیشنل وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔

وہاب ریاض ٹی 20 کرکٹ میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقابلوں میں 400 سے زائد وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بھی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp