سپریم کورٹ : مریم نواز اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی ضمانت منسوخی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

جمعہ 18 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز سمیت مختلف سیاسی شخصیات کی ضمانت منسوخ ہونے کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔

سپریم کورٹ نے رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی ضمانت منسوخی کے خلاف نیب کی درخواست 22 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کر دی، چیف جسٹس اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔

نیب نے شمیم شوگر ملز کیس میں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

رانا ثناء اللہ کی ضمانت منسوخی کے خلاف نیب کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت منسوخی کے خلاف درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی،چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ 23 اگست کو سماعت کرے گا۔

نیب نے رانا ثناءاللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی۔

نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کے خلاف نیب کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ 25 اگست کو سماعت کرے گا،عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
نیب نے احد چیمہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

پی ٹی آئی کے استعفوں کے معاملے پر درخواست سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ 21 اگست کو سماعت کرے گا۔

وکیل شاہد اورکزئی نے 2014 میں پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp