نگراں وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات واحد راستہ ہیں، انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، وڈھ تنازع کے حل کے لیے حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی۔
صوبہ بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے آئے وفاقی نگراں وزیر دخلہ سرفراز بگٹی نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی تنازع اگر باہمی مذاکرات کے ذریعے حل ہو تو اس سے اچھی کوئی بات نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی ملک اور صوبے میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وڈھ تنازع کے حل کے لیے حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرنے اور تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ وڈھ فریقین کو جرگے کے فیصلے کا احترام کرنا چاہییے۔
ایک سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کی قیادت سے ملاقات ہوئی تھی، ہم پہلے اکھٹے کام کرتے رہے ہیں ملاقات میں کوئی حرج نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ جڑانوالہ والا واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے اسلام میں جائز نہیں، ہم اس کی ہر سطح پر مذمت کرتے ہیں۔