شیر افضل کا ٹوئٹ،معاملہ پارٹی تقسیم کی سازش بھی ہوسکتا ہے، ترجمان پی ٹی آئی

ہفتہ 19 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کے ٹویٹ کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ ٹویٹ کو فی الوقت ان کے ذاتی خیالات قرار دیا ہے اور جلد اس کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، پارٹی نے معاملے کو داخلی منافرت و تقسیم کی سازش بھی قرار دیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نے ہفتہ کے روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ’ پارٹی کی مرکزی قیادت نے قانونی ٹیم کے رکن شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کی ٹویٹ کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) فی الوقت ان کے خیالات کو ان کے نجی تاثرات ہی کے زُمرے میں رکھ کر ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ تحریک انصاف کو کچلنے کے ریاستی عزائم کے پیشِ نظر داخلی منافرت و تقسیم کی سازش کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پارٹی نے شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کے تاثرات کی مکمل چھان بین کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی سیاسی جدوجہد کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے بیان میں مزید کہا کہ’ چیئرمین عمران خان کی منظوری سے تحریک انصاف کی کورکمیٹی نہایت پیچیدہ صورتحال میں فیصلہ سازی کا حسّاس فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نہایت قابل، محنتی اور وفاشعار قانونی ماہرین پر مشتمل قانونی ٹیم چیئرمین سمیت دیگر قائدین اور کارکنان کے خلاف لاقانونیت اور بدترین انتقام کی یلغار میں حصولِ انصاف کے لیے کوشاں ہے‘۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا مزید کہنا ہے کہ جبر و فسطائیت کے ماحول میں قانون کی حکمرانی اور حصولِ انصاف کی ان کی کوششوں کو پارٹی کے تمام کارکنان اور قائدین خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کو اپنے تاثرات کا اظہار ٹویٹر کی بجائے پارٹی پلیٹ فارمز پر کرنا چاہئے تھا۔ فی الوقت ان کے خیالات کو ان کے نجی تاثرات ہی کے زُمرے میں رکھ کر ان کا جائزہ لیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کو کچلنے کے ریاستی عزائم کے پیشِ نظر داخلی منافرت و تقسیم کی سازش کے امکانات  کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔

بیان کے مطابق تحریک انصاف کی اجتماعی فیصلہ سازی کے عمل میں رخنہ اندازی یا تحریکی وحدت کو نقصان پہنچانے کی ہر مذموم دانستہ یا نادانستہ کوشش کو مکمل اتحاد، یگانگت اور اعتمادِ باہمی سے ناکام بنائیں گے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے ہدایت کی کہ شیر افضل مروت ایڈووکیٹ اپنے خیالات و تاثرات کی پڑتال کے لیے تحریکی نظم سے معاونت کریں۔ قانونی ٹیم اسی محنت، لگن، جذبے اور ہمّت سے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھے جو ان نامساعد حالات میں ان کی پہچان اور طُرّۂ امتیاز بن چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قانونی ٹیم کے اہم رکن شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ پارٹی کے اندر کچھ لوگ غدار ہیں جنہیں وہ بے نقاب کر کے ہی رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp