وزیرستان میں بم دھماکا، 11 مزدور شہید، ٹی ٹی پی ملوث ہے: سیکورٹی ذرائع

ہفتہ 19 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 3 لاپتا ہو گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان ریحان گل خٹک نے دھماکے کی تصدیق کر دی ہے اور بتایا ہے کہ دھماکا تحصیل شوال کے ایک دورافتادہ علاقے میں ہوا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بم دھماکے کا نشانہ قریب سے گزرنے والا ایک فوجی قافلہ تھا تاہم دھماکا فوجی قافلے کے بعد ہوا۔ ذرائع کے مطابق حملے میں ٹی ٹی پی ملوث ہے۔

مزید پڑھیں

دوسری جانب وزیرستان میں موجود ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا روڈ کنارے نصب بم کے پھٹنے سے ہوا ہے۔ تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جس علاقے میں دھماکا ہوا ہے وہاں سیکیورٹی صورت حال ابتر ہے اور پولیس بھی علاقے میں موجود نہیں۔ مزدور پرائیوٹ گاڑی میں تعمیراتی کام سے چھٹی کے بعد واپس آرہے تھے کہ دھماکے کی زد میں آگئے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ بی ڈی یو کی ٹیم سے دھماکے کی جگہ کو بھی کلئیر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کچھ عرصے سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی آئے روز دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں باجوڑ خودکش حملہ: 54 افراد شہید، 83 زخمی، سی ٹی ڈی

اتوار 30 جولائی کو باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکا ہوا تھا جس میں 50 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں کے دوران حال ہی میں ختم ہونے والی حکومت کے وزرا نے کہا تھا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، وزرا نے اس معاملے پر افغانستان سےاحتجاج بھی کیا تھا۔ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے بھی کہا تھا کہ افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 7 اگست کو پشاور میں گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے، ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہوگی۔ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بننے والی دوسری ریاست ہے۔

یہ بھی پڑھیں کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے؟ آرمی چیف کا افغان حکومت سے سوال

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا تھا کہ افغان مہاجرین کو پاکستان میں پاکستانی قوانین کے مطابق رہنا ہوگا۔ کسی بھی گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائے گی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp