سابق وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے جو بیان دیا ہے اس کی انکوائری ہونی چاہیے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ شفاف انکوائری کے بعد حقائق سامنے آنے چاہییں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے، صدر والے معاملے میں تو زبانی کلامی والی کسی بات کی گنجائش ہی نہیں، صدر جس بل کو دیکھتے ہیں اس پر دستخط بھی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
سابق وزیراعظم نے کہاکہ صدر مملکت پاکستان کا سب سے بڑا آئینی عہدہ ہے، اس پر بیٹھے ہوئے شخص کو زبانی کلامی بات نہیں کرنی چاہیے۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہاکہ یہ معاملہ اتنا آسان نہیں، اب عارف علوی کو جواب دینا پڑے گا۔ کیوں کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ عارف علوی نے اتنے دن انتظار کیوں کیا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف گزشتہ روز پاکستان سے لندن پہنچے تھے، شہباز شریف کی لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ہونی ہے جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔