سمندروں کی سطح تیزی سے بلند ، بعض ممالک صفحہ ہستی سے مٹ سکتے ہیں : سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

بدھ 15 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سمندروں کی سطح میں اضافہ ہوتا رہا تو آنے والے چند عشروں میں بنگلہ دیش اور بھارت سمیت دنیا کے بعض ممالک اور چند بڑے شہر ہمیشہ کے لئے صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔

یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یو این سیکورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ سمندروں کی سطح میں تیزی سے اضافہ کی وجہ سے دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کو اس قدر زیادہ خطرہ لاحق ہے کہ اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ موسمیاتی بحران کی وجہ سے سمندروں کی سطح تین گنا بلند ہوئی ہے۔ اگر سمندر اسی طرح بلند سے بلند تر ہوتے چلے گئے تو سطح سمندر سے نیچے بسنے والے ممالک مکمل طور پر کرہ ارض سے غائب ہوسکتے ہیں۔

جو ممالک خطرے میں ہیں ان میں بنگلہ دیش، بھارت اور نیدرلینڈ شامل ہیں۔ جبکہ دنیا کے جن بڑے شہروں کو صفحہ ہستی سے مٹ جانے کا خطرہ درپیش ہے ان میں بنکاک ، بیونس آئرس ، جکارتہ ، لاگوس ، لندن ، لاس اینجلس ، ممبئی ، نیویارک اور شنگھائی شامل ہیں ۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا سمندری سطح میں اضافے کی وجہ سے ہم مستقبل قریب میں ایک ارب افراد کو نقل مکانی کرتا دیکھیں گے جبکہ تازہ پانی، زمین اور دیگر ذرائع حاصل کرنے کے لئے مسابقت بڑھ جائے گی۔

انہوں نے کہا عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق سن 1900 سے اب تک دنیا بھر میں سمندروں کی سطح جس تیزی سے بلند ہوئی ہے، اس کی گزشتہ 3 ہزار برسوں میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کسی معجزے کے ذریعے عالمی درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود ہو جائے تو بھی سمندروں کی سطح نمایاں طور پر بلند ہوگی ۔
انہوں نے مزید کہا موسمیاتی تبدیلیوں کو روکا نہ گیا تو ایسی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے انتباہ کیا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث دنیا کے ہر براعظم کے بڑے شہروں کو سنگین اثرات کا سامنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سمندری سطح میں اضافے سے نشیبی علاقوں کے 90 کروڑوں افراد کو خطرہ لاحق ہوگا اور اب بھی دنیا کے متعدد علاقوں میں تباہی واضح طور پر نظر آرہی ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ سمندری سطح میں اضافے کی بنیادی وجہ یعنی موسمیاتی بحران پر قابو پانا ہوگا۔زہریلی گیسوں کے اخراج میں کمی کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات کرنا ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp