کیا بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ پاکستان آنے کے لیے تیار ہوگئے؟

ہفتہ 26 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ ٹیم اگلے ہفتے 2023 ایشیا کپ کا اپنا ابتدائی راؤنڈ میچ 2 ستمبر کو پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ میں ہندوستان کی شرکت نیپال کے خلاف اپنے آخری گروپ میچ تک جاری رہے گی۔ بھارتی اسکواڈ کی اکتوبر میں آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے قبل ایشیا کپ کا فائنل 17 ستمبر 2023 کو ہوگا۔

ستمبر کے پہلے ہفتے میں، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا یعنی بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا اور صدر راجر بنی کی ایشیا کپ کے میچ کے لیے لاہور آمد متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے اندرونی ذرائع نے تصدیق کی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ یعنی پی سی بی کی دعوت قبول کر لی ہے۔ راجر بنی اور راجیو شکلا دونوں بورڈ کے نمائندگی کرتے ہوئے سری لنکا اور افغانستان کے درمیان 5 ستمبر کو گروپ مرحلے کا میچ دیکھنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے پہلے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا، اس ضمن یہ حالیہ پیش رفت قابل ذکر سمجھی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بھارتی موقف کے باعث پی سی بی کو ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے  ایک ’ہائبرڈ ماڈل‘ تشکیل دینا پڑا۔

یہ دورہ اس لیے قابل ذکر ہے کہ 2012 میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے بعد پہلی بار بی سی سی آئی کے کرتا دھرتا پڑوسی ملک کا سفر کریں گے۔ 2012 کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ کرکٹ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

ایشیا کپ 2023 دیکھنے کے لیے بی سی سی آئی حکام سب سے پہلے کہاں جائیں گے؟

بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا کے متوقع سفر کے بارے میں دلچسپ تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کی رسمی تصدیق کا ابھی انتظار ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں معززین اس دورے کے لیے تیار ہیں جس میں سری لنکا اور پاکستان کے کرکٹ میچز شامل ہیں۔

سری لنکا میں بھارتی ٹیم کا مقابلے دیکھنے کے بعد بی سی سی آئی کے دونوں بڑی شخصیات اٹاری سرحد کے راستے پاکستان جائیں گے۔ یہ دلچسپ پیش رفت پی سی بی کے سربراہ ذکاء اشرف کی جانب سے ڈربن میں آئی سی سی کانفرنس میں شرکت کے لیے جے شاہ کی دعوت کو ٹھکرانے کے بعد سامنے آئی ہے۔

اس کے برعکس ایسا لگتا ہے کہ بی سی سی آئی نے اپنا ذہن بدل لیا ہے، جیسا کہ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے بی سی سی آئی کو مدعو کیا تھا، اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بورڈ نے فیصلہ کیا کہ صدر اور نائب صدر پڑوسی ملک کا سفر کریں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ حکام کے رویہ میں یہ تبدیلی آنے والے ایشیا کپ کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے، جس کے دوران تین میچز لاہور اور بقیہ میچ سری لنکا میں پالے کیلے اور کولمبو کے اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp