قومی اخبارات قارئین کو گمراہ کرتے ہیں: نصف سے زائد امریکیوں کی رائے

جمعرات 16 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آدھے سے زیادہ امریکی سمجھتے ہیں کہ قومی اخبارات غلط خبریں شائع کرتے ہیں اور قارئین کو گمراہ کرتے ہیں

حال ہی میں رائے عامہ کے ایک جائزے سے پتہ چلا ہے کہ امریکی قوم کی اکثریت قومی اخبارات پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے۔ نصف سے زیادہ امریکیوں کا خیال ہے کہ اخبارات انھیں قابل اعتماد معلومات فراہم نہیں کرتے۔

گیلپ اور نائٹ فائونڈیشن کے زیراہتمام ایک مشترکہ سروے میں امریکیوں سے پوچھا گیا ، کیا وہ اس بات کو درست سمجھتے ہیں کہ اخبارات لوگوں کو گمراہ نہیں کرتے؟ صرف پچیس فی صد امریکیوں نے اس سوال کا جواب ’’ ہاں ‘‘ میں دیا ۔ جبکہ تریپن فیصد امریکیوں نے اخبارات کی خبروں کو انتہائی یا پھر کسی قدر ناقابل اعتماد قرار دیا۔

رائے عامہ کا جائزہ لینے کا مقصد امریکی قومی میڈیا پر عوام کے اعتماد کے بارے میں جاننا تھا۔

اس جائزے کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ امریکی قوم اپنے قومی اخبارات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتی ہے جبکہ مقامی اخبارات کے بارے میں اچھی رائے رکھتی ہے۔ پینسٹھ فی صد امریکیوں کا خیال ہے کہ مقامی اخبارات ایسی خبریں شائع کرتے ہیں جن پر اعتبار کیا جاسکتا ہے۔

نصف سے زائد امریکیوں کا خیال ہے کہ مقامی اخبارات وہی خبریں شائع کرتے ہیں جو عام لوگوں کی ضرورت کی ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ رائے عامہ کے اس جائزے میں چھپن سو افراد سے رائے لی گئی۔

یاد رہے کہ قومی اخبارات کے بارے میں امریکیوں کی بد اعتمادی میں تیزی سے کمی دیکھنے کو ملی ہے ۔ سن دو ہزار سترہ میں اعتماد نہ کرنے والوں کی شرح تینتالیس فیصد تھی ۔ اوراعتماد کرنے والوں کی شرح تینتیس فیصد تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp