کشمیری عوام سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکلیں، حریت کانفرنس کی اپیل

اتوار 27 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے زیر تسلط جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی ) نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم ستمبر کو قائد تحریک سید علی گیلانی  کو ان کے دوسرے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حیدر پورہ کی طرف مارچ کریں۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سید علی گیلانی نے یکم ستمبر 2021کو حیدر پورہ سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پرنظربندی کے دوران جام شہادت نوش کیاتھا جہاں وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ مسلسل نظر بندرہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ جمعہ کو سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں ممتاز آزادی پسند کشمیر ی رہنما سید علی گیلانی کے مقبرے پر جائیں اور تنازع جموں کشمیر کے حل کے لیے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کریں۔

بیان میں کشمیری عوام پر زور دیا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان ہیروز کو یاد کیا جائے جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی زندگیاں وقف کردیں اور اس کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

دریں اثنا مقبوضہ جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جمعہ کو قائد تحریک سید علی گیلانی کے دوسرے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کریں۔

پوسٹر کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں کشمیر جسٹس اینڈ پیس انیشی ایٹو، نوجوانانِ حریت جموں کشمیر، جموں کشمیر جسٹس لیگ فورم، جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، مزاحمتی یوتھ فورم اوردیگر تنظیموں نے سرینگر کے مختلف علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے ہیں۔

ان پوسٹرز میں اماموں، خطیبوں اورعلمائے کرام پر زوردیاگیا ہے کہ وہ سید علی گیلانی اور دیگر شہدائے کشمیرکے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی فورسز نے سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھین کر ان کی مرضی کے برعکس انہیں رات کے اندھیرے میں حیدر پورہ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا تھا۔ سید علی گیلانی کے اہل خانہ کے مطابق انہوں نے مزار شہدا عیدگاہ سری نگرمیں اپنی تدفین کی وصیت کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp