ایڈووکیٹ ایمان مزاری اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار

پیر 28 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایڈووکیٹ ایمان مزاری اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار ہو گئیں۔

پی ٹی آئی کی سابق رہنما شیریں مزاری کی صاحبزادی و ایڈووکیٹ ایمان مزاری کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا۔

اس سے قبل انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور ایڈووکیٹ ایمان مزاری کو 30,30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے علی وزیر اور ایمان مزاری کو کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کو 19 اور 20اگست کی درمیانی شب اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

سابق ایم این اے علی وزیر کو ترنول سے گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق انھیں کارسرکار میں مداخلت پر گرفتار کیا گیا تھا۔ جبکہ ایمان مزاری کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

شیریں مزاری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دعویٰ کیا تھا’ ابھی ابھی لیڈی پولیس اور سادہ کپڑوں میں ملبوس لوگ ہمارے گھر کا سامنے والا دروازہ توڑ کر میری بیٹی کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ وہ ہمارے گھر کے سیکیورٹی کیمرے، میری بیٹی کا لیپ ٹاپ اور موبائل بھی ساتھ لے گئے۔

شیریں مزاری کے مطابق’وہ میری بیٹی کو گھسیٹتے ہوئے لے گئے۔ اس سے پہلے وہ پورے گھر میں گھومتے پھرتے رہے۔ میری بیٹی شب خوابی کے لباس میں ملبوس تھی۔ اس نے کہا کہ مجھے کپڑے تبدیل کرلینے دو لیکن وہ اسے گھسیٹتے ہوئے لے گئے‘۔

’ ان کے پاس کوئی وارنٹ تھے نہ ہی انہوں نے گرفتاری کے لیے قانونی طریقہ اختیار کیا۔ یہ تو ریاستی فاشزم ہے۔ یاد رہے کہ گھر میں صرف ہم دونوں خواتین رہتی ہیں۔ یہ اغوا کا کیس ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp