پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر فیصلے کے اجرا میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کور کمیٹی نے کہا ہے کہ وہ کون ہے جو بغیر کسی قانونی جواز کے چاہتا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پابندِ سلاسل رکھا جائے، قوم گواہ ہے کہ عمران خان کو جیل میں قید رکھنے کا ریاست کے پاس کل کوئی قانونی جواز تھا نہ آج ہے۔ توشہ خانہ کیس میں بدترین ٹرائل کے نتیجے میں سامنے آنے والے سیاہ عدالتی فیصلے میں پوشیدہ انتقام اور نقائص پوری طرح آشکار ہوچکے ہیں۔
کور کمیٹی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے معاملے کو التوا کا شکار کرکے بدترین حالات میں قید چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو مجرمانہ انتقام کا نشانہ بنانے کی کوششیں بھی قوم پر عیاں ہیں، عدالتِ عالیہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو عدالتی وقت ضائع کرنے اور غیرقانونی طور پر قید چیئرمین تحریک انصاف کو بنیادی آئینی حقوق سے محروم کرنے کی پیہم اجازت دینا بھی نہایت افسوسناک ہے۔
مزید پڑھیں
کور کمیٹی نے کہاکہ انصاف میں تاخیر انصاف کے قتل کے مترادف ہے، قوم آئین و قانون سے جاری کھلواڑ کی فوری بندش کا مطالبہ کرتی ہے، امید ہے کہ معاملے کو مزید کسی شرارت و التوا کا شکار کیے بغیر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا کی معطلی اور رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔
کور کمیٹی نے کہاکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے ریمانڈ میں مزید 2 روز کی توسیع اور صدر تحریک انصاف چوہدری پرویز الہٰی کے آئینی و قانونی حقوق کو مسلسل سلب کیے جانے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔
کور کمیٹی نے سینیٹر عون عباس بپّی، حسان نیازی ایڈووکیٹ سمیت غیرقانونی طور پر اغوا و لاپتہ کردیے جانے والے تمام شہریوں کی فوری بازیابی و رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ کہا گیا کہ ننگے انتقام اور تحریک انصاف کو کچلنے کی غرض سے جیلوں میں قید سینیئر قائدین اور حوصلہ مند خواتین کارکنان کی فوری رہائی بھی آئین، قانون، حقوق اور جمہوری و انسانی اقدار کی بحالی کے لیے اشد ضروری ہے۔
کور کمیٹی نے کہاکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت تمام قائدین و کارکنان کی فوری رہائی کے لیے تمام جائز سیاسی و قانونی تدابیر کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی و فروغ، عوام کے معاشی و سیاسی حقوق کے تحفظ اور پاکستان کی حقیقی آزادی، خودداری اور خودمختاری کی تحریک سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
پی ٹی آئی کا مہنگائی کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کا فیصلہ
کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی خصوصاً بجلی کے ناقابلِ ادائیگی نرخوں کے خلاف ملک گیر احتجاج میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ ’ملک میں تیزی سے پھیلتی غربت و افلاس اور عوام کی قوّت خرید کی تباہی ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جمعیت علما اسلام سمیت دیگر پر مشتمل پی ڈی ایم سرکار کی مجرمانہ حکومت کا کارنامہ قرار دیا گیا‘۔
کور کمیٹی نے کہاکہ تحریک انصاف کی منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش کی گئی تو عوام آج کے مقابلے میں قابلِ ذکر حد تک آسودہ جبکہ معیشت 6 فیصد کی سالانہ نمو سے ترقی کررہی تھی، رجیم چینج سازش کے نتیجے میں مسلط ہونے والے مجرم ملک میں بدترین مہنگائی اور معاشی تباہی کا وسیلہ بنے۔
عمران خان کو جھوٹے مقدمے میں جیل میں ڈالا گیا
کور کمیٹی نے کہاکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 16 ماہ کے دوران مسلسل اس تباہی و بربادی کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا، عمران خان مسلسل نشاندہی کرتے آئے کہ معیشت سنبھالنا یا عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچانا ان مجرموں کا ایجنڈا تھا نہ ان میں اس کی اہلیت تھی۔
پی ٹی آئی کے مطابق عوام کے معاشی قتلِ عام کے خلاف پیہم گونجتی آواز کو دبانے کے لیے عمران خان کو ایک جھوٹے مقدمے اور جعلی ٹرائل کے ذریعے جیل میں بند کردیا گیا۔ ہم بدترین مہنگائی اور بجلی کے ناقابلِ برداشت بِلوں کے خلاف بلکتی عوام کی آواز بنیں گے۔
کور کمیٹی نے کہاکہ بجلی کے بِلوں کے ذریعے عوام کی جیبوں پر دن دیہاڑے ڈالے جانے والے ڈاکے کے خلاف عوام کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے، قوم کو ننگی ڈاکہ زنی سے نجات دلوانے کا مؤثر ذریعہ صاف، شفاف اور بلاتاخیر انتخابات ہیں۔
کور کمیٹی نے کہاکہ نگراں حکومت نمائشی کارروائیوں پر قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے فوری طور پر اقتدار عوام کی جائز اور منتخب حکومت کے سپرد کرنے کی تیاری کرے۔