دستخطوں میں تضاد پر عمران خان 20 فروری کو لاہور ہائی کورٹ طلب

جمعرات 16 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست میں مختلف دستخطوں کی موجودگی پر وضاحت کے لیے عمران خان کو 20 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کی حفاظتی ضمانت خارج ہونے کے بعد وکیل خواجہ طارق رحیم ، عمران خان کی جانب سے جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں پیش ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خواجہ طارق رحیم نے عدالت کے روبرو مؤقف اپنایا کہ عمران خان عدالتوں کی عزت کرتے ہیں۔ عدالت عمران خان کی سیکیورٹی کا بندوبست کرے وہ کل عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک عمران خان کے دستخط کا معاملہ ہے، جو قصوروار ہوا عدالت اس وکیل کو سزا دے سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے حالات دیکھ کے فیصلہ کرنا ہے۔ ہم ہائی کورٹ کی سیکیورٹی کے ساتھ بیٹھ کے فائنل کر لیتے ہیں۔

اس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے پوچھا کہ ’آپ کب عمران خان کو پیش کر کر سکتے ہیں؟ ہم آپ کی آئی جی سے ملاقات کرا دیتے ہیں کیس کو پیر کے لیے رکھ لیتے ہیں۔

اس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب کو عمران خان کی لیگل ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر سیکیورٹی معاملات فائنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےعمران خان کو پیر کے روز دو بجے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جس کے بعد عدالت کی کارروائی 20 فروری بروز پیر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ سنگ جانی اسلام آباد میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کر رہا تھا۔

عدالت کو یقین دلایا گیا تھا کہ عمران خان ساڑھے چھ بجے عدالت میں پیش ہو جائیں گے لیکن ساڑھے چھ بجے جب سماعت شروع ہوئی تو عمران خان عدالت میں موجود نہیں تھے۔

عمران خان کے اس کیس میں وکیل اظہر صدیق بھی عدالت میں نہیں تھے جس پر ان کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ کچھ دیر میں آرہے ہیں لیکن لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کیدرخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی۔

جمعرات کو پورا دن عمران خان کی حفاظتی ضمانت کا کیس وقفے وقفے سے زیر سماعت رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp