باؤنڈری لائن: پاکستان کے خلاف میچ میں کوہلی کی پرفارمنس کا انحصار شاہین شاہ آفریدی پر کیوں؟

جمعہ 1 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں سری لنکا کے پالے کیلے گراؤنڈ پر ایشیا کپ کے لیے مدمقابل آنے کو تیار ہیں۔ ایسے میں جہاں شائقین کرکٹ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے وہیں دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انڈین بیٹر ورات کوہلی اپنی پرفارمنس کے لیے شاہین شاہ آفریدی پر انحصار کر رہے ہوں گے۔

تجربہ کے لحاظ سے بھارتی ٹیم کے سب سے سینیئر کھلاڑی کے شاہین شاہ آفریدی پر انحصار کا پہلو وی نیوز کے خصوصی سلسلے ’باؤنڈری لائن‘ میں بھی ڈسکس ہوا۔

جمعہ کو ’باؤنڈری لائن‘ میں ہونے والی گفتگو کے دوران یہ ذکر ہوا کہ اگر شاہین شاہ آفریدی ابتدائی اوورز میں وکٹ لینے کی اپنی روایت برقرار رکھتے ہیں تو ورات کوہلی کے لیے موقع ہو گا کہ وہ جلد بیٹنگ کے لیے میدان میں آ سکیں۔

کوہلی چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آتے ہیں۔ اوپنرز کے وکٹ پر زیادہ دیر رہنے کی صورت میں یہ امکان رہتا ہے کہ پاور پلے اور میچ کا ابتدائی حصہ ابتدائی کھلاڑیوں اور ون ڈاؤن کے نام رہے۔ ایسی صورت میں چوتھے نمبر پر آنے والے بیٹر کے پاس بڑا اسکور کرنے کے امکانات قدرے کم ہو جاتے ہیں۔

البتہ شاہین شاہ آفریدی جلد وکٹ لینے کی روایت برقرار رکھتے ہیں تو اس صورت میں کوہلی جلد کھیلنے کے لیے آ سکتے ہیں۔ چونکہ وہ بہتر فارم میں ہیں تو جلد آنے کی صورت میں ان سے انفرادی طور پر بڑی اننگز کی توقع کی جا سکتی ہے۔

پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں ایک ایسے وقت میں مدمقابل آرہی ہیں جب انہوں نے2012 کے بعد سے بائی لیٹرل سیریز نہیں کھیلی۔

پاکستان اور انڈیا ایشیا کپ 2023 میں ایک ہی گروپ میں ہیں، اس گروپ میں تیسری ٹیم نیپال ہے۔

اپنے دو میں سے ایک میچ جیتنے والی ٹیم اگلے مرحلے میں جائے گی۔ اس اسٹیج پر ہر ٹیم دیگر ٹیموں سے میچ کھیلے گی۔ یوں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں فائنل مرحلے سے قبل دو مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔

پاکستان اور انڈیا نے اب تک 132 میچ کھیلے ہیں۔ 55 میں بھارت جب کہ 73 میچوں میں پاکستان کامیاب رہا۔ جب کہ 4 میچ بےنتیجہ ختم ہوئے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے آخری 5 میں سے 4 میچوں میں پاکستان کامیاب نہیں ہوا جب کہ ایک میں گرین شرٹس فاتح رہے۔

ایشیا کپ میں مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں 13 میچ کھیل چکی ہیں۔ ان میں 5 مرتبہ پاکستانی ٹیم کامیاب رہی، ایک میچ بےنتیجہ رہا جب کہ 7 میں گرین شرٹس کامیاب نہ ہوئے۔

پالےکیلے اسٹیڈیم میں اب تک کل 36 میچ ہوئے ہیں۔ 15 پہلی بیٹنگ کرنے والے اور 20 ہدف کا تعاوب کرنے والی ٹیم نے جیتے ہیں۔

’باؤنڈری لائن‘ کے شرکا نے یہ بھی ڈسکس کیا کہ دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے ذہن میں یہ اعدادوشمار ہوں گے اور امکان ہے کہ ٹاس جیتنے والا پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دے، البتہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر باؤلنگ کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp