تحریک انصاف کے رہنما، سابق ایم این اے شیر اکبر بھی پرویز خٹک کی ٹیم میں شامل

ہفتہ 2 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی شیر اکبر نے بھی پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز میں شمولیت اختیار کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے شیر اکبرکی سربراہی میں ایک وفد نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینزکے چیئرمین پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری اطلاعات ضیاءاللہ بنگش اورسابقہ صوبائی وزیر اقبال وزیربھی موجود تھے۔

وفد میں شامل مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے چیئرمین پرویز خٹک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے  پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شمولیت کا اعلان کیا۔

پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینزمیں شمولیت اختیار کرنے والوں کو پارٹی مفلر پہنایا اور خوش آمدید کہا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ  خیبر پختونخوا اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے جولائی میں اپنی نئی جماعت کا اعلان کیا تھا جس میں سابق وزیر اعلیٰ محمود خان سمیت 57 سے زائد قومی و صوبائی ارکان اسمبلی شامل ہوچکے ہیں۔

سابق ایم این اے صالح محمد خان، صوبائی وزیراشتیاق ارمڑ، ضیا اللہ بنگش، ارباب وسیم، ملک واجد علی، افتخار مشوانی اور  شوکت علی کے علاوہ ڈی آئی خان سے سابق ارکان قومی اسمبلی یعقوب شیخ، آگاز اکرم گنڈا پور، ملاکنڈ سے پیر مصور شاہ، اورکزئی سے سید غازی غزن جمال، باجوڑ سے سابق صوبائی وزیر انور زیب اور مانسہرہ سے نوابزادہ فرید صلاح الدین اور سوات سے محب اللہ خان نئی پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔

پارٹی کے دیگر اراکین میں ڈی آئی خان ڈویژن سے عرفان کنڈی، رمضان شوری، ہزارہ ڈویژن سے اورنگزیب اور مفتی عبید جبکہ کوہاٹ سے عتیق ہادی شامل ہیں جبکہ مزید شمولیتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پیرکو پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے کاغان میں ایک جلسہ منعقد کیا تھا جس میں چیف آف کاغان سید مزمل شاہ  نے اپنے بیٹے سابق صوبائی وزیر سید احمد شاہ، خاندان اور اہلیان علاقہ سمیت پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز میں شمولیت اختیار کی تھی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پرویز خٹک نےعمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ صوبہ اب آپ کو چھوڑ کر جا رہا ہے، روک سکتے ہو تو روک لو۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ فرعونی ذہنیت والا شخص کہتا تھا جس کا جی چاہے وہ پارٹی سے چلا جائے، انہیں فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ساڑھے 3 سالہ دور میں ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔ عمران خان فرعون کا روپ دھار چکے تھے، وہ ملک کے تاحیات حکمران اور بادشاہ بننا چاہتے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp