بجلی بلوں میں اضافے پر احتجاج کے بعد پشاور ایلکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے سیکیورٹی مطالبہ کیا تھا جس پر سیکیورٹی مہیا کر دی گئی، دوسری جانب بجلی بلوں کے خلاف احتجاج کرنے پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں پر مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔
پشاور میں پیسکو کی جانب سے سیکیورٹی کا مطالبہ کرنے پر سینٹرل پولیس آفس نے پشاور اور خیبر میں پیسکو کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیے اور تمام ڈویژن ایس پیز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق پیسکو کے دفاتر کو فوری سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور ساتھ ہی تمام فیڈرز روٹس کو بھی سیکیورٹی مہیا کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
جماعت اسلامی کے رہنماؤں پر مقدمات درج
جماعت اسلامی کو احتجاج کرنا مہنگا پڑ گیا، پشاور میں بجلی کے بلوں کی قمیتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے پر مختلف رہنماؤں پر مقدمات درج کر دیے گئے۔
مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت اور روڈ بند کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور عوام کو زبردستی دکانیں بند کرانے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں جماعت اسلامی کے رہنما بحراللہ، خالد، ظاہر شاہ، طاہر زرین، حاجی قدیر اور دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے جماعت اسلامی نے بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں اضافے پر 2 ستمبر کو احتجاج کیا تھا۔