انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات سے متعلق غیر یقینی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تاخیر کا کوئی بہانہ بنائے بغیرانتخابات کا انعقاد مقررہ وقت پر ممکن بنایا جائے۔
انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی چیئرمین حنا جیلانی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں بتایا کہ ایچ آر سی پی کی گورنگ کونسل کے اجلاس میں آئندہ عام انتخابات سے متعلق غیر یقینی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ فوری طور پر انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے تاکہ انتخابات مقررہ 90 دن کی مدت کے اندر ممکن ہوں۔
مزید پڑھیں
حنا جیلانی کے مطابق ایچ آر سی پی نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیاں بھی تیزی اور مؤثر طریقے سے مکمل کی جائیں اور کسی بھی صورت میں انتخابات میں مزید تاخیر کا بہانہ نہ بنایا جائے۔
انسانی حقوق کمیشن نے نادرا کی جانب سے انتخابی عمل میں ہیرا پھیری کے خدشہ کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ایسی صورتحال سے بچنے کا مشورہ دیا ہے۔
حنا جیلانی نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان ملک میں بڑھتی سیاسی تقسیم سے پریشان ہے، مذہبی اور فرقہ وارانہ تقسیم کے ذریعے تحریک لبیک پاکستان جیسی دائیں بازو کی جماعتوں کے لیے سیاسی جگہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
PRESS RELEASE
Uncertainty around elections must end immediately
Lahore, 3 September 2023. The governing Council of the Human Rights Commission of Pakistan (HRCP), on concluding a meeting earlier today, has expressed immense concern over the uncertainty surrounding the general…
— Human Rights Commission of Pakistan (@HRCP87) September 3, 2023
انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کے مطابق خیبرپختونخوا میں مسلسل دہشت گردی نے سیاسی جماعتوں کو خوفزدہ کر دیا ہے، اس لیے وہ انتخابی مہم بے خوف ہو کر نہیں چلا سکتیں، ماضی کی طرح کی صورتحال اب صوبے میں دوبارہ نہیں ہونی چاہیے۔
’آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نگراں حکومت کا امتحان یہ ہے کہ وہ نہ صرف لوگوں کے پرامن احتجاج کے حق کا تحفظ اور احترام کرے بلکہ وہ شہریوں کے مسائل حل بھی کرے۔‘