فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور توہین رسالت کے واقعہ سے متعلق نئے حقائق سامنے آگئے، گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ ذاتی رنجش کی وجہ سے جڑانوالہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پرویز کوڈو نے بیوی سے تعلقات کے شبہ پر راجہ عمیر کو پھنسانے کے لیے ہولناک منصوبہ تیار کیا۔ ملزم پرویز کوڈو کو شبہ تھا کہ توہین قرآن کے مقدمہ کے مرکزی ملزم راجہ عمیر کے اسکی بیوی سے تعلقات ہیں۔
مزید پڑھیں
پولیس نے بتایا کہ پرویز عرف کوڈو نے عمیر عرف راجہ کو مارنے کے لیے ایک شخص اللہ دتہ کو رقم اور موٹر سائیکل دی۔ اللہ دتہ نے منصوبہ پر عملدرآمد نہ کیا جس پر پرویز کوڈو نے راجہ عمیر کو پھنسانے کے لیے توہین قرآن کی گھناؤنی سازش کی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق راجہ عمیر کو قتل کرنے کے لیے پرویز کوڈو سے رقم وصول کرنے والا اللہ دتہ زیر حراست ہے، پرویز کوڈو کی نشاندہی پر قرآن پاک کے اوراق کو گلی میں لٹکانے والی رسی اور دیگر شواہد بھی برآمد کرلیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کے ساتھ گرفتار 2 دیگر ملزمان کے کردار اور واقعہ میں ملوث ہونے بارے تفتیش جاری ہے، 16 اگست کو جڑانوالہ میں قرآن پا ک کی بے حرمتی اور توہین رسالت کے الزام میں راجہ عمیر اور اس کے بھائی راکی کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا۔