وفاقی وزراء سے امریکی اور بیلجیئم کے سفیروں کی ملاقاتیں، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں نگراں وفاقی وزیر  ڈاکٹر گوہر اعجاز  سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جب کہ نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلوگن نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت کے فروغ اور پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 گوہر اعجاز سے امریکی سفیر ملاقات

نگراں وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، اس موقع پر دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، امریکا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل تشکیل دی ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں مثلاً کانوں، معدنیات، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے سفیر کی وساطت سےامریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی بھی دعوت دی۔گوہر اعجاز نے سفیر کے ساتھ اقتصادی بحالی کے منصوبے کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

انہوں نے پاکستان کے مستقبل کی معاشی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امریکی حکومت کی مسلسل حمایت پر سراہا۔

ٹیکسٹائل، ویل ایڈڈ فوڈ پروڈکٹس، تازہ آم اور کھجور، سویا بین اور بیف سمیت مختلف شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے ممکنہ مواقع پر گفتگو ہوئی۔

اسلام آباد میں نگراں وفاقی نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلوگن نے ملاقات کی۔

جلیل عباس جیلانی سے بیلجیئم کے سفیر کی ملاقات

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے پاکستان میں بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلوگن نے جمعرات کو ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے دوطرفہ تعاون کے شعبوں اور اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp