پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے پر دستخط متوقع

اتوار 10 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے (ایف ٹی اے) پر دستخط متوقع ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات چین اور امریکا کے بعد پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ملک ہے۔

گوہر اعجاز نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایف ٹی اے کو حتمی شکل دینے کے لیے امارات کے وفد کا ستمبر کے آخر میں دورہ متوقع ہے، یواے ای وفد کے ساتھ بات چیت میں تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ دونوں ممالک آئندہ دورے کے دوران معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے پُر امید ہیں، جسے باضابطہ طور پر جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کے نام سے جانا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تجارت سے متعلق بعض مسائل ہیں جن پر بات چیت ہو رہی ہے اور یواے ای کے وفد کے دورہ پاکستان کے موقع پراس حوالہ سے پیش رفت ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات پہلے ہی تقریباً 9 ممالک کے ساتھ ایف ٹی اے پر دستخط کر چکا ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے پرکام ہورہاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں گزشتہ سال 24 فیصد اضافہ ہواہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp