ایپکس کمیٹی نے معیشت کی ترقی کا روڈ میپ وضع کرلیا

جمعہ 8 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی نے معاشی و انتظامی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے روڈ میپ وضع کرلیا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت ملک کی معاشی بحالی، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا 5 واں اجلاس جمعے کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

https://twitter.com/anwaar_kakar/status/1700176553584296293

اس موقع پر نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ نگراں حکومت کی قلیل مدت کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے اور ان اقدامات کے نفاذ سے آئندہ منتخب حکومت کو بھی ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہو گی۔

اجلاس میں آرمی چیف، عبوری وفاقی کابینہ، صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی اور وفاقی وزرا نے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو ملک میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کے سدباب کے لیے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر معاشی و انتظامی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے روڈ میپ وضع کیا گیا اور اجلاس کو ریگولیشن کو مؤثر اور تیز بنانے کے جامع پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر مشاورت ہوئی۔

وزیرِاعظم نے اس حوالے سے عملی اقدامات کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ ان پر عملدرآمد معینہ مدت میں یقینی بنایا جائے اور وزرا ان اقدامات پر عمل یقینی بنائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp