پرویز الٰہی کی آڈیو لیکس کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل بھیجا جائے، نواز شریف کا مطالبہ

جمعہ 17 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم نواز شریف نے چوہدری پرویز الٰہی کی سپریم کورٹ بار کے صدرعابد زبیری سے گفتگو کی آڈیو لیکس کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نواز شریف کا کہنا ہے کہ جو آڈیو لیکس سامنےآئی ہیں وہ انتہائی سنگین ہیں، اعلیٰ عدالت کے جج کے بارے میں اس سے زیادہ سنگین باتیں کیا ہو سکتی ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بھی سپریم جوڈیشل کونسل کو نہیں بھیجنا تو پھر کیا کرنا ہے؟

نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر ان کا نام نہیں بھیجنا تو میرا نام بھیج دیں، پہلے بھی مجھ پر اتنے الزامات لگائے گئے ہیں ایک نیا الزام بھی لگ جائے تو کیا فرق پڑتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پرویز الٰہی کی جو آڈیو لیک سامنے آئی ہے اس کا ہر سطح پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔

میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پرویز الہی صاحب کی جو آڈیو لیکس آئی ہیں یہ ایک سنگین معاملہ ہے جو انہوں نے مظاہر علی نقوی کے بارے باتیں کی ہیں۔

پاکستانی قوم میری بات نوٹ کرلے کہ مظاہر علی نقوی جیسے کرداروں کی وجہ سے پاکستان اس مقام پر پہنچا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ ان لوگوں کی وجہ سے پاکستان آج لُڑک رہا ہے.

واضح رہے کہ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی آڈیو لیک کی تحقیقات کی اجازت دے دی ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp