سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نجی دورے پر عمان پہنچ گئے

منگل 12 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نجی دورے پر عمان پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات کریں گے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جی 20 اجلاس کے اختتام کے بعد پیر کو بھارت سے عمان کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

جی 20 اجلاس کے بعد نئی دہلی میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان کم از کم 50 معاہدے اور سمجھوتے طے پائے تھے۔

ان میں توانائی، پیٹرو کیمیکل ، قابلِ تجدید توانائی، زراعت اور صنعت کے علاوہ سماجی و ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے معاہدے شامل ہیں۔

واضح رہے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کسی بھی وقت پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی اپنے ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے شیڈول کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران زراعت، کان کنی، توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں متعدد معاہدے طے پانے کی امید ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp