کچے کے علاقے میں انڈیا کا نہیں، کسی دوسرے ملک کا اسلحہ استعمال ہورہا ہے، بلاول بھٹو نے نام بتادیا

منگل 12 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کچے میں پولیس افسروں نے جان کے نذرانے پیش کیے، امید ہے نگراں وزیر اعلٰی خود آئیں گے اور کیس کی نگرانی کریں گے، افغانستان میں استعمال کیا گیا امریکی اسلحے کا کچے میں استعمال ہونا تشویشناک ہے۔

سکھر میں صحافی جان محمد مہر کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ صحافی جان محمد مہرلواحقین کے مطالبے پر جے آئی ٹی بنائی گئی، جان محمد مہر کے خاندان کو انصاف دلوائیں گے، جان محمد مہر پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹونے کہاکہ 15 سال قبل پیپلز پارٹی کارکن قافلوں کی صورت میں جلسوں میں جاتے تھے، اس وقت بھی دہشت گردوں کے خلاف پیپلز پارٹی نے آواز اٹھائی تھی، بے نظیر بھٹو پر حملہ ہوا اس کے باوجود وہ دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں جرائم پر تقریباً قابو پالیا تھا، اب دوبارہ سے دہشتگرد، کچے کے ڈاکو، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سر اٹھا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ تمام سیاسی جماعتوں نے کہاکہ ان کے ساتھ بات چیت کی جائے، پیپلز پارٹی واحد جماعت تھی جو اس وقت بھی یہ کہہ رہی تھی ان کا مقابلہ کیا جائے، سابق حکومت نے چند دنوں میں سب خراب کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ افغانستان کے جیلوں سے فرار دہشت گردوں کو یہاں بسانے کی کوشش کی گئی، انہوں نے سوال اٹھایا کہ دہشتگردوں کو جب فاٹا یا دیگر مقامات پر بسایا جائے تو کراچی پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا۔

 انہوں نے کہاکہ پاک فوج، عوام، سیاسی قیادت شہادتیں دیتے رہے اور چند لوگوں نے خود فیصلے کرکے معاملات خراب کر دیے، آج چترال میں کیا ہورہا ہے سب دیکھ رہے ہیں، غلط فیصلے کرنے والے سیاست دانوں کا عوام احتساب کریں گے۔

بلاول بھٹو نے ملکی صورت حال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ شہدا کے خاندانوں کو دہشت گردوں کو واپس لانے کی کہانی بتائی جائے، ملک میں افسوسناک صورتحال ہے، بجلی کے بل زیادہ آرہے ہیں۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑ کرعالمی ادارے کو مربوط کیا گیا، بجلی چوری کا مسئلہ بتایا جاتا ہےاس کی  تشریح کی جائے، تھر کول سندھ میں ہے یہاں سب سے سستی بجلی ملنی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp