پنجاب کی نگران حکومت نے 9 مئی واقعات میں ملوث ملزمان کے جیل میں روزانہ ٹرائل پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیرصدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سانحہ 9 مئی اورجڑانوالہ واقعات سے متعلق معاملات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے 9 مئی واقعات سے متعلق لاہور کے تمام چالان تین روز میں پیش کرنیکا حکم دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جڑانوالہ میں 9 گرجا گھر وں کی تعمیر و تزئین کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جڑانوالہ میں دیگر 13 گرجا گھروں کی تعمیر و بحالی دوہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تین وزراء اوراعلی افسران پر مشتمل ٹیم کو جڑانوالہ کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ جڑانوالہ کا دورہ کرنے والی ٹیم میں صوبائی وزراء منصور قادر،بلال افضل، اظفر علی ناصر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اورسیکرٹری اوقاف شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبائی وزراء منصورقادر،عامر میر،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او، سیکرٹریزاوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی کے کمشنرز اور آر پی آوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے-