کابینہ اراکین کا تقرر، الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو اہم ہدایات جاری کر دیں

بدھ 13 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو ہدایت کی ہے کہ نگراں کابینہ اراکین کے تقرر میں سیاسی وابستگی رکھنے والے افراد کا انتخاب کرنے سے اجتناب کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے نگراں وزیراعظم کے سیکریٹری توقیر شاہ کو خط تحریر کیا ہے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے سیکریٹری کوخط الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال کی طرف سے لکھا گیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ نگراں حکومت کو سابقہ حکومت کا تسلسل قرار دینے کا تاثر عام ہو چکا ہے، ایک سیاسی جماعت کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران اس کی نشاندہی بھی کی گئی ہے، اور الزام لگایا گیا ہے کہ نگران حکومت سابقہ حکومت کی وراثت لے کر چل رہی ہے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ سیاسی وابستگی والے افراد کو نگراں کابینہ میں لینے سے اجتناب کیا جائے، اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سینیئر سول سرونٹس کی اہم عہدوں پر تقرری میں غیرجانبداری کو قائم رکھا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکریٹری رہنے والے فواد حسن فواد کو اپنی کابینہ میں شامل کیا ہے۔

فواد حسن فواد نے بحیثیت نگراں وزیر حلف بھی اٹھا لیا ہے، مگر ابھی تک انہیں کوئی بھی محکمہ تفویض نہیں کیا گیا۔

اپنے پہلے بیان میں فواد حسن فواد نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے جو بھی ذمہ داری دی جائے گی، ایمانداری اور محنت سے پوری کرنے کی کوشش کروں گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp