سندھ کابینہ کا کچے کے علاقے میں پولیس، رینجرز اور فوج کے ذریعے آپریشن کا فیصلہ

جمعرات 14 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعلی سندھ مقبول باقر نے سندھ کے کچے کے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے اور اسٹریٹ کرائم کے خلاف فیصلہ آپیشن کی ہدایات جاری کر دیں، کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف رینجرز، پولیس اور پاک فوج مل کر آپریشن کریں گیں۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر کی صدارت میں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا. اجلاس میں آئی جی سندھ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ میں بتایا کہ 2023ء میں سندھ میں 218 لوگ اغوا ہوئے، 218 میں سے 207 مغوی بازیاب ہو چکے ہیں، اس وقت 11 لوگ ابھی تک یرغمال ہیں،11 میں سے 3 لوگ شہید بینظیرآباد، 7 لاڑکانہ اور ایک سکھر سے اغوا ہوا۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ جب انہوں نے آئی جی پولیس کی حیثیت سے چارج سنبھالا تو 57 اغوا تھے اور اب 11 ہیں۔ مغویوں میں نوید لاشاری جیکب آباد، ساگر کمار گڑھی یاسین، قدیر، ظہیر، گلبھار اور شاہد کشمور سے اغوا ہوئے، جبار سکھر، سومار قاسم آباد، فرحان اور شاہد نوشہروفیروز سے اغوا ہوئے، کچے کی کل آبادی 4 لاکھ ہے۔ 238 دیہات، 8 پولیس اسٹیشن اور 20 چیک پوسٹس ہیں۔

نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے پولیس کو مغویوں کے خاندان کے ساتھ رابطہ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام مغویوں کو فوری طور پر بازیاب کروانے کے احکامت جاری کیے ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ کچے میں اچھی شہرت کے حامل پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں، جو پولیس والے اچھی کارکردگی نہ دکھائیں، ان کو تبدیل کریں اور 11مغویوں سے متعلق مجھے رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے کچے کے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

جسٹس (ر) مقبول باقر کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے کچے میں پولیس، رینجرز اور آرمی کے ذریعے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں ڈرگ مافیا کے خلاف سخت آپریشن کرنے اور منشیات کے عادی افراد کو بحالی مراکز بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو تحفظ دینا حکومت کا کام ہے، کوئی شخص موبائل فون لے کر نکل نہیں سکتا، یہ صورتحال کسی صورت قابل قبول نہیں۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے آئی جی پولیس کو اسٹریٹ کرائم کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ میں رینجرز کی تعیناتی 6 تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کچے کے علاقے میں رینجرز کی تعیناتی 14 ستمبر 2023 تا فروری 2024 تک ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp