خواتین سے زیادتی کا مقدمہ: اسکول پرنسپل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

ہفتہ 16 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلشن حدید کراچی میں اسکول پرنسپل عرفان غفور کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ہفتہ کے روز عدالت پیش کیا گیا جہاں عدالت نے مبینہ ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ہفتہ کے روز ملزم عرفان غفور کو پولیس نے جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا تو تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی ہے۔

تفتیشی افسر کے بیان کے بعد عدالت نے ملزم عرفان غفور کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی، عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر چالان بھی طلب کرلیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں دو مقامات درج ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن حدید کے ایک پرائیویٹ اسکول میں خواتین سے زیادتی کیس میں پولیس نے ملزم عرفان غفور کو ملیر کورٹ میں مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جہاں سرکاری وکیل نے انکشاف کیا تھا کہ ملزم اکیلا نہیں ہے بلکہ یہ پورا گروہ ہے، جبکہ تفتیشی افسر کی استدعا پرعدالت نے ملزم کو7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم اسکول پرنسپل عرفان کے خلاف ایک اور مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے، مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانے کے تفتیشی افسر کی مدعیت میں درج ہوا، ملزم عرفان نے دوران تفتیش منشیات اور جنسی ادویات کے استعمال کا اعتراف بھی کیا ہے۔

پولیس کے مطابق اب تک 45 سے زیادہ متاثرہ خواتین کا پتا چلا ہے، ملزم خواتین کو بلیک میل کرتا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp