شاہین آفریدی نے بابر اعظم کو فیملی قرار دے کر کس کو کیا پیغام دیا؟

منگل 19 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کر دیا ہے، شاہین شاہ کا قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی سے کچھ ماہ قبل نکاح ہوا تھا اور اب آج رخصتی بھی ہو گئی ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کی شادی کی تقریب میں فیملی ممبران سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ہے، اور خوشیوں کے ان لمحات میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی شریک ہوئے۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہیں بابر اعظم کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر کے کیپشن میں شاہین شاہ نے بابر اعظم کو فیملی کا حصہ قرار دیا ہے۔

یوں تو شاہین شاہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر عام آدمی کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی لیکن ’تصویریں بولتی ہیں‘ کے مصداق اس میں کئی راز پنہاں ہیں۔

حال ہی میں یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی بابر اعظم کی جگہ قومی ٹیم کے کپتان بننا چاہتے ہیں، اور اس کے لیے لابنگ کر رہے ہیں۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ایونٹ سے باہر ہوا تو اس کے بعد میڈیا پر یہ خبریں چلی تھیں کہ شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

اس کے علاوہ شاہد آفریدی کے نام سے منسوب ایک بیان بھی سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے جس میں یہ کہا جا رہا ہے کہ شاہد آفریدی شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹیم کا کپتان بنانا چاہتے ہیں۔

شاہد آفریدی سے منسوب کی گئی خبر جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ میں واحد شخص ہوں جو چاہتا ہوں کی شاہین کپتانی سے دور رہے۔

یہ بھی پڑھیں ’واحد بندہ ہوں جو شاہین آفریدی کو کپتانی سے دور رکھتا ہوں‘ شاہد آفریدی

سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقامی میڈیا چینل کے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں شاہین آفریدی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کی وکالت کر رہے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے بابر اعظم کے ساتھ ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی تصویر پر لوگوں نے مختلف تبصرے کیے ہیں۔

وقار آفریدی نامی صارف لکھتے ہیں کہ پاکستان کے بہترین بیٹر اور بہترین بولر کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے، اور وہ پہلے کی طرح متحد ہیں۔

پاکستانی شاہینز بریگیڈ نام کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی کہ نفرت پھیلانے والوں کا ایجنڈا کیچڑ میں دھنس گیا ہے۔

ماہم گیلانی نامی صارف نے اسے آج کے دن کی ایک بہترین تصویر قرار دیا۔

وہاب خان نے شاہین شاہ اور بابر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ دونوں ہمارا فخر ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ جو لوگ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان اختلافات کی خبروں کو ہوا دے رہے تھے آج کی یہ تصویر ان کے لیے ایک خاموش پیغام ہے۔

مستند خبروں، ویڈیوز اور تجزیوں کے لیے وی نیوز کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp