ورلڈ کپ 2023: پاکستان اب تک اسکواڈ کا اعلان کیوں نہیں کرسکا؟

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئندہ ماہ سے بھارت میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے عالمی مقابلے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان نہیں ہوسکا جبکہ اکثریت ٹیموں نے اپنے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے۔

ایشیا کپ میں بدترین کارکردگی اور ٹیم میں مبینہ گروپنگ سے متعلق خبریں گردش کرنے کے بعد ورلڈ کپ سے چند ہفتے قبل ہی اسکواڈ سے متعلق غیر یقینی کی صورتحال ورلڈکپ کی تیاریوں پر سوالات کھڑے کررہی ہے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیلیکشن کمیٹی کی جانب سے اسکواڈ کے حوالے سے تاحال حتمی منظوری نہیں دی گئی۔ کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی اور چیئرمین کی حتمی مشاورت کے بعد اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

بدھ کو ورلڈ کپ اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی اور چیئرمین کے درمیان میٹنگ ہوئی لیکن پھر بھی اسکواڈ کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ایک بار پھر اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت کی جائے گی۔

کن کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا امکان ہے؟

پاکستان ٹیم کی سری لنکا میں کارکردگی کے بعد ٹیم میں بڑی تبدیلوں کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاہم اطلاعات کے مطابق پاکستان ٹیم میں 2 سے 3 تبدیلوں کا امکان ہے جس میں فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انجری کے باعث فاسٹ بولرز کے آپشن پر غور کیا جارہا ہے۔

نسیم شاہ کی انجری رپورٹ موصول ہونے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ فاسٹ بولر ورلڈ کپ سے مکمل طور پر باہر ہوگئے ہیں یا پھر وہ گروپ اسٹیج کے آخری میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق زمان خان اور حسن علی کی شمولیت پر غور کیا گیا ہے، چیف سیلکٹر انضمام الحق اور کپتان بابر اعظم کی اس حوالے سے مشاورت مکمل ہوچکی ہے تاہم ٹیکنیکل کمیٹی کی میٹنگ میں تاحال اتفاق نہیں ہو پا رہا ہے۔

سیلکیشن کمیٹی نے حسن علی کو تجربے کی بنیاد پر ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کو ترجیح دی ہے جبکہ زمان خان ون ڈے کرکٹ کا تجربہ نہ ہونے کے باعث اسکواڈ میں تاحال جگہ نہیں بنا پائے۔

دوسری جانب ابرار احمد کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ اسامہ میر کو ٹریولنگ ریزرو میں رکھنے کا امکان ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے 18 رکنی اسکواڈ منتخب کرنے کی سفارش کی ہے جس میں 3 کھلاڑی بطور ٹریولنگ ریزرو ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔

پاکستان کا ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ اسکواڈ

کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، عبد اللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، حارث رؤف، ابرار احمد، حسن علی 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔

جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث، وسیم جونیئر اور اسامہ میر ٹیم کے ساتھ 3 رکنی ٹریولنگ ریزرو کے طور پر رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp