ورلڈ کپ 2023: جنوبی افریقہ نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی افریقہ نے انڈیا میں ہونے والے دنیائے کرکٹ کے بڑے مقابلے ورلڈ کپ 2023 کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت ٹیمبا باوما کریں گے، اور پیس اٹیک میں نمایاں کھلاڑی کاگیسو ربادا اور لونگی اینگیڈی شامل ہیں جبکہ اینریچ نورٹجے اور سیسنڈا مگالا کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔

بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی قیادت ٹیمبا باوما کے سپرد کی گئی ہے جبکہ اسکواڈ میں شامل کوئنٹن ڈی کاک ورلڈکپ کے فوری بعد ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

جنوبی افریقہ کے وائٹ بال ہیڈ کوچ روب والٹر کے مطابق اعلان کردہ اسکواڈ میں 6 فاسٹ اور 2 اسپیشلسٹ اسپن بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔ پیس اٹیک کی قیادت کاگیسو ربادا کریں گے اور لونگی اینگیڈی ان کا ساتھ دیں گے۔ ہیڈ کوچ کے مطابق اینریچ نورٹجے اور سیسنڈا مگالا کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ کے لیے ایک نیا نام بھی شامل کیا ہے، جو دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جیرالڈ کوٹزی ہیں، انہوں نے اس سال کے شروع میں ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا ہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں کوٹزی کی کارکردگی انتہائی متاثرکن رہی ہے، انہوں نے اپنے پہلے ون ڈے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں اور مزید ایک میچ میں پانچ وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔

جنوبی افریقہ کا اپنے ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 7 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔ اس سے پہلے ان کا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو افغانستان اور 2 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے۔

جنوبی افریقہ کے اسکواڈ میں کپتان ٹیمبا باوما، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کاک، ریزا ہینڈرکس، مارکو جینسن، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، لونگی اینگیڈی، اینڈلے پیہلوکوایو، کاگیسو ربادا، تبریز شمسی، ریسی وینڈر ڈوسان، لیزاد ویلیم شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp