ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کے ثمرات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک میں کاروبار کےاختتام پر ڈالر 292.78 روپے کا ہو گیا ہے۔
جمعرات کو انٹربینک میں ڈالر 1.1 روپے سستا ہوا، گذشتہ روز ڈالر 293.88 روپے پر بند ہوا تھا جبکہ انٹربینک میں رواں ہفتے ڈالر 4.07 روپے سستا ہوا ہے، دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے کم ہوکر 296 روپے کا ہوگیا ہے۔
سیکریٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ظفر پراچہ نے وی نیوز کو بتایا کہ ذخیرہ اندوزوں، اسمگلنگ اور بلیک مارکیٹ کے خلاف آپریشن یوں ہی چلتا رہا تو بہت جلد ڈالر 250 روپے تک آجائے گا۔
مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اعشاریے درست سمت پر جارہے ہیں جس کی گواہی ایشائی ترقیاتی بنک بھی دے رہا ہے۔
معاشی ماہر شہریار بٹ کے مطابق بہت عرصے بعد معیشت بہتر سمت پر جاتی دیکھائی دے رہی ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ساتھ ہی ساتھ آئی ایم ایف کی جانب سے معاشی پالیسی کو سراہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں اسمگلنگ کے خلاف جاری آپریشن کارآمد ثابت ہو رہا ہے۔