سپریم کورٹ کے احکامات پر 3 سابق وزرائے اعلیٰ بلوچستان سمیت 65 با اثر افراد کے خلاف نیب ریفرنسز بحال

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں نیب بلوچستان نے بھی 3 سابق وزرائے اعلیٰ سمیت سابق اور حاضر پارلیمنٹرینز، بیوروکریٹس و دیگر با اثر افراد کے خلاف 65 سے زائد ریفرنسز بحال کرنے کی درخواست احتساب عدالت میں جمع کرادی۔

نیب نے 30 سے زائد کیسز کی تحقیقات بھی دوبارہ شروع کردی ہیں۔ سابق حکومت کے دور میں نیب قوانین میں ترامیم کے ذریعے اربوں روپے مالیت کے سینکڑوں کیسز پر پیش رفت روک دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد چیئرمین نیب کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں تمام ریجنز کے سربراہان کو نیب قوانین میں ترامیم کے بعد بند ہونے والے کیسز کو ترمیم سے پہلے والی حالت میں دوبارہ شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان کے احکامات پر نیب کی لیگل ٹیم نے احتساب عدالت کوئٹہ میں تقریبا 65 کیسز کی فائلیں جمع کرادیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب بلوچستان نے 30 سے زائد کیسز پر بھی فوری کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ تاہم دوبارہ شروع کیے گئے کیسز میں سابق وزرائے اعلی، متعدد پارلیمنٹرینز  سمیت گریڈ 20 اور 21 کے افسران اور کئی با اثر شخصیات بھی شامل ہیں۔

اربوں روپے مالیت کرپشن کیسز میں مختلف محکموں بشمول این ایچ اے، کسٹمز، کیو ڈی اے، ریونیو، مائنز اینڈ منرلز خوراک، پی ڈی ایم اے اور محکمہ صحت کے کرپٹ افسران اور ماتحت عملے کے خلاف تحقیقات اور ریفرنسز پر کام شروع ہو چکا ہے۔

علاوہ ازیں عوام الناس سے فراڈ کرنے والی متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں 3 احتساب عدالتوں میں سابق حکومت کے احکامات کے بعد ایک احتساب عدالت ختم کردی گئی تھی جبکہ 2 میں سے ایک احتساب عدالت  کے لیے بھی حال ہی میں معزز جج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور دوسری عدالت کے جج کی تعیناتی باقی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp