ورلڈ کپ 2023: بھارت کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے میں تاخیر کیوں؟

جمعہ 22 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بھارت نے تاحال ویزے جاری نہیں کیے ہیں۔

ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم نے 25 ستمبر کو بھارت روانہ ہونا ہے، مگر ہمیشہ کی طرح بھارت اس بار بھی پاکستان کے خلاف ’کھیل میں سیاست‘ کرنے لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک طرف پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز بھارت روانگی کے لیے ویزوں کے منتظر ہیں تو دوسری جانب بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزے سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کردیے ہیں جس کے باعث ان کے ویزے تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے تاحال پاکستان کرکٹ ٹیم اور آفیشلز کے ویزے جاری نہیں کیے کیونکہ بھارتی ہائی کمیشن ان کی سیکیورٹی کلیئرنس کا منتظر ہے، دہلی سے ہوم افئیرز سے سیکیورٹی کلیرئینس کے بعد ہی ویزے جاری کیے جائیں گے۔

واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 25 ستمبر کو بھارت روانہ ہونا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ سے قبل حیدرآباد میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ میچ بغیر تماشائیوں اور بند دروازوں کے پیچے رکھا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد سٹی پولیس نے 29 ستمبر کو ہونے والے میچ کے میزبان حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (HCA) کو مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp