سابق وزیراعظم شہباز شریف اچانک لندن کیوں چلے گئے؟

جمعہ 22 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ لندن کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے اس دورے کی وجہ ن لیگ کی آج ہونے والی قانونی اور انتظامی میٹنگ تھی۔

لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2013ء میں کہا تھا کہ اگرعوام نے انہیں موقع دیا تو وہ 5 سال میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے، آپ نے دیکھا پھر کیسے نواز شریف نے صرف 4 سال میں ملک کو اندھیروں سے نکالا اور ایک روشن سفر کا آغاز کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سے ملک میں سرمایہ کاری آئی، لاکھوں لوگوں کو روزگار ملا اور ملک کو ترقی حاصل ہوئی مگر اس کے بعد ملک میں نفرت کا زہر بھردیا گیا اور قوم کو تقسیم در تقسیم کر دیا گیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو گالم گلوچ کے سوا کچھ نہیں سکھایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ کو اب حکومت ملی تو وہ ملک میں سرمایہ کاری لائیں گے، نوجوانوں کو روزگار دلوائیں گے، نوجوان بچوں کے علاوہ بچیوں کی تعلیم و صحت پر بھی دن رات کام کریں گے، ملک میں ترقی وخوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کرنے کے لیے نواز شریف واپس آرہے ہیں۔

آج نواز شریف سے ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ نوازشریف کی واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے، نواز شریف نے مشورے کیلئے بلایا تھا اس لیے آیا ہوں، گوجرانوالا میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ گوجرانوالا گیا ہوں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگ کی جانب سے جاری ایک بیان میں نواز شریف نے کہا ہے کہ ثاقب نثار، جسٹس کھوسہ اور جسٹس عظمت سعید پاکستان اور اس کے عوام کے مجرم ہیں، جب تک ان کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جائے گا پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

لندن میں ہونے والے ن لیگ کے اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف کے علاوہ اسحاق ڈار، مریم نواز اور دیگر پارٹی رہنما شریک تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp